پاک ایران آزاد تجارتی معاہدہ جون میں نافذ ہو جائے گا،خواجہ حبیب الرحمان

اتوار اپریل 18:51

لاہور۔29 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل2018ء) ایران پاک فیڈریشن آف کلچر اینڈ ٹریڈ کے صدرخواجہ حبیب الرحمان نے کہاہے پا کستان اور ایران کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کو مئی میں حتمی شکل دیدی جائے گی جبکہ جون تک اس کو نافذ کردیا جائے گا، معاہدے کے تحت پاکستان نے ایران کی 339 اشیاء کیلئے ٹیکسوں میں رعایت رکھی ہے جبکہ تہران کی جانب سے پاکستان کی 309 اشیاء پر یہ رعایت منظور کی گئی ہے۔

معاہدے کے بعد دونوں ممالک ایک دوسرے کی 80 فیصد اشیاء کی درآمدات و برآمدات کی ڈیوٹی میں رعایت دینے کے پابند ہو ں گے۔انہوں نے کہا کہ 2021ء تک دو طرفہ تجارت کا حجم پانچ ارب ڈالر تک بڑھا نے کیلئے دونوں ممالک نے بینکاری کے شعبے میں خصوصی توجہ دینے پر بھی اتفاق کیا ہے جس کے تحت پا کستان اور ایران کے بڑے شہروں میں بینک کھولے جائیں گے۔

(جاری ہے)

خواجہ حبیب الرحمان نے کہا کہ پاکستان کا چاول، آم، کینو، مسمی، سرجیکل آلات، کھیلوں کا سامان، کپاس، ٹیکسٹائل مصنوعات کے لئے ایران ایک اچھی منڈی ہے جبکہ ترکی،، آذر بائیجان اور روس تک پہنچنے کی ایک گذرگاہ بھی ہے اور افغانستان سے کشیدہ تعلقات کی وجہ سے ترکمانستان تک پہنچنے کا راستہ بھی ایران ہے، جسے پاکستان نظر انداز نہیں کرسکتا۔

ا نہوں نے مزید کہا کہ صرف ڈیڑھ ارب ڈالر میں پاکستان ایران سے پانچ ہزار میگاواٹ بجلی خرید سکتا ہے جس سے پاکستان کی معیشت میں پیداواری انقلاب آجائے گا اور پیداوار میں اضافے کی وجہ سے مذکورہ قیمت ایک ہی سال ریٹرن ہو جائے گی جبکہ ایران سے آنے والی گیس سے بھی پاکستان خود سستی بجلی بنانے کے قابل ہو جائے گا۔