پولیٹیکل انتظامیہ ایف آر کوہاٹ کا قوم اخوروال درہ آدم خیل میں کھلی کچہری کا انعقاد

اتوار 29 اپریل 2018 19:10

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2018ء) گورنرخیبر پختونخوا کے احکامات کی روشنی میںاسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ ایف آر کوہاٹ ضیاء الرحمن خٹک نے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ /پولیٹیکل ایجنٹ ایف آر کوہاٹ خالد الیا س کی ہدایت پرقوم اخوروال درہ آدم خیل میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں سرکاری محکموں کے متعلقہ حکام کے علاوہ عمائدین علاقہ، ملکان اور عام لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ نے لوگوں کے مسائل اور شکایات غور سے سنیں اور متعلقہ حکام نے باری باری موقع پران کے جوابات دئیے۔عوام کے زیادہ تر مسائل پینے کے پانی، بجلی اور دیگر بنیادی ضروریات سے متعلق تھے ۔ضیاء الرحمن نے پانی ،بجلی اور دوسرے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہری کے انعقاد کامقصد ہی عوام کو درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کرنا،انہیں دفتر کے چکروں سے نجات دلانا اور باہمی مشاورت سے موقع پران کا حل نکالناہے، بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ اس کی بڑی وجہ عدم ادائیگی ہے اور اس مسئلے کاحقیقت پسندانہ اورمستقل حل نکالنے کے لئے بھرپور کو ششیںکی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ کھلی کچہری کے ہر فیصلے پر من و عن عملدرآمد ہوگا اور عوام کو بھی پیش رفت سے آگاہ رکھا جائے گا۔اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ نے معمولی نوعیت کے مسائل موقع پر حل کئے جبکہ دیگر مسائل متعلقہ فورم پر اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔مقامی لوگوں نے مسائل کے حل کے لئے کھلی کچہر ی کے انعقاد پر پولیٹیکل انتظامیہ کا شکریہ اداکیا۔

متعلقہ عنوان :