شب برأت کے سلسلے میں بلدیہ شرقی کی جانب سے انتظامات آخری مراحل میں

شب برأت کے سلسلے میں انتظامات کو اپنا دینی فریضہ سمجھ کر انجام دیا جائے۔ چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور

اتوار 29 اپریل 2018 19:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2018ء) بلدیہ شرقی میں شب برأت کے سلسلے میں انتظامات حتمی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں، جبکہ جن قبرستانوں میں انتظامات کے حوالے سے گنجائش موجود ہے وہاں چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور از خود دورے کر کے انتظامات کو حتمی شکل دے رہے ہیں اس سلسلے میں چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا ہے کہ شب برأت کے سلسلے میں تمام انتظامات کو جلد ازجلد مکمل کر لیا جائے ، قبرستان آنے والے زائرین کو جو سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں اس میں کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہیں کیا جائے بالخصوص صفائی ستھرائی، جھاڑیوں کی صفائی اور لائٹنگ کے مناسب انتظامات میں کسی قسم کی غفلت مناسب نہیں ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایس ای ایسٹ طارق مغل اور ایکسی این ایم اینڈ ای مبین شیخ کے ہمراہ شب برأت کے سلسلے میں بلدیہ شرقی کے مختلف قبرستانوں میں انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیکر افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا ، تفصیلات کے مطابق دورے کے دوران سوسائٹی قبرستان ، محمود آباد قبرستان اور ڈیفنس ویو قبرستان و دیگر میں بلدیاتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور موقع پر ہی بہتری کے حوالے سے ہدایات دی گئیں ، اس موقع پر انہوں نے قبرستان کے ارد گرد صفائی وستھرائی کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر صفائی کا خیال رکھا جائے جبکہ قبرستانوں سے کتوں کے خاتمے اور اطراف میں اسپرے مہم کی بھی ہدایات دی گئیں ، علاوہ ازیں انہوں نے جھاڑیوں کی کٹائی اور لائیٹس کی تنصیب و درستگی کے عمل کو فی الفور یقینی بنانے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام کاموں کو ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے ، میں دورے کرکے ازخود انتظامات کا جائزہ لوں گا۔

(جاری ہے)

چیئرمین معید انور نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوتے ہوئے کہا کہ شب برأت مسلمانوں کیلئے ایک انتہائی اہمیت کی شب ہے ، لہذا اس سلسلے میں انتظامات کو اپنا دینی فریضہ سمجھ کر انجام دیں ، ہماری خوش نصیبی ہے کہ اس طرح کے خاص مواقعوں پر ہمیں کام کرنے کا موقع ملتا ہے جس میں ہم زیادہ سے زیادہ کام کرکے اپنے حصے کی نیکیاں سمیٹ سکتے ہیں اس موقع پر بلدیہ شرقی کے دیگر متعلقہ محکمہ جات کے افسران بھی موجود تھی.۔

متعلقہ عنوان :