بلدیہ عظمیٰ کراچی، شہر کی تمام ضلعی انتظامیہ اور سندھ پولیس نے شب برأت کے موقع پرانتظامات کو حتمی شکل دیدی

اتوار 29 اپریل 2018 19:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2018ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی، شہر کی تمام ضلعی انتظامیہ اور سندھ پولیس نے کل (منگل) شب برأت کے موقع پرانتظامات کو حتمی شکل دیدی۔ شب برأت کے موقع پر شہر بھر میں قبرستانوں کے باہر پولیس کی نفری تعینات کی جائے گی ۔ شہر بھر کے قبرستانوں جن میں میوہ شاہ قبرستان، بلدیہ ٹائون قبرستان، الیاس گوٹھ قبرستان لیاقت آباد، سعود آباد ماڈل کالونی، اورنگی ٹائون 10 نمبر، بلال کالونی قبرستان، بنگالی پاڑہ قبرستان، عیسیٰ نگری قبرستان، نئی کراچی قبرستان، مواچھ گوٹھ قبرستان، گذری قبرستان، شاہ فیصل کالونی قبرستان، چکرا گوٹھ قبرستان ودیگر قبرستانوں میں بلدیہ عظمیٰ کراچی اور شہر کی دیگر ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کی سہولت کے لئے صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات شروع کردیئے ہیں۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ نے پولیس کو شب برأت کے موقع پر سیکیورٹی اور ٹریفک کے تمام تر اقدامات کو ہر سطح پرغیرمعمولی بنانے کی ہدایت کی ہے اور پٹاخوں وغیرہ کی خرید وفروخت یا استعمال کے انسداد کے حوالے سے جملہ امور کو انتہائی ٹھوس اور مربوط بنانے کا حکم دیا ہے۔آئی جی سندھ نے ہدایات جاری کیں کہ شب برأت خصوصی سیکیورٹی اقدامات کی مانیٹرنگ اور نگرانی کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ متعلقہ وائرلیس کنٹرول پر لازمی نوٹ کرائی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ تمام ایس ایچ اوز، سیکشن افسران ٹریفک شب برأت کے مجموعی سیکیورٹی اور ٹریفک اقدامات کو اپنی اپنی سپرویژن میں یقینی بنائیں گے ۔منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈطحہٰ احمد فاروقی کی ہدایت پر شب برأت کے سلسلے میں ضلع ملیر، شرقی ، جنوبی اور غربی کے قبرستانوں اور مساجد کے اطراف صفائی ستھرائی کا کام مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ سینیٹری ورکرز پر مشتمل ٹیمیں بروقت صفائی ستھرائی کے لئے موقع پر موجود رہیں گی۔دریں اثناء چیئرمین بلدیہ شرقی نے ڈائریکٹر آپریشن سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ غلام عباس منگریواوردیگر افسران کے ہمراہ عیسی نگری قبرستان اورگلشن ذون اور جمشید ذون کے قبرستانوں کا دورہ کرکے انتظامات کا معائنہ کیا۔