پیپلزپارٹی مہاجر علاقوں میں جلسے کرکے انہیں مشتعل کررہی ہے ،ْڈاکٹر سلیم حیدر

قیامت تک پیپلزپارٹی کو مہاجر ووٹ اور سپورٹ نہیں مل سکتی ، اس کی تاریخ مہاجر دشمنی سے بھری ہوئی ہے

اتوار 29 اپریل 2018 19:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2018ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کراچی کے دل لیاقت آباد میں جلسہ کرکے مہاجروں کو مشتعل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ پیپلزپارٹی قیامت تک مہاجروں کے ووٹ حاصل نہیں کرسکتی ہے۔ کیونکہ اس کی تاریخ مہاجر دشمنی سے بھری ہوئی ہے ، خود پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو نے سندھ میں دیہی و شہری تفریق کوٹہ سسٹم نافذ کرکے مہاجروں کی تین نسلوں کو تباہ کیا ۔

محصورین مشرق پاکستان کی وطن واپسی میں سب سے بڑی رکاوٹ پیپلزپارٹی ہے ۔ پیپلزپارٹی ’’بہاری نہ کھپن‘‘کے نعرے لگواتی رہی ہے۔ اسی طرح سندھ میں مہاجروں پر تعلیم اور ملازمتوں کے دروازے پیپلزپارٹی کی مرہون منت ہی بند ہوئے ہیں اس لئے مہاجر دشمن پیپلزپارٹی سندھ میں مہاجر نہ تو کبھی سپورٹ کریں گے اور نہ ہی اس کی سندھ کے شہری علاقوں میں کوئی جگہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ریاستی وسائل اور پیسے خرچ کرکے مہاجر اکثریتی آبادیوں میں جلسہ کرکے کوئی یہ سمجھتا ہے کہ وہ مہاجروں کو سرنگوں کرلے گا تو یہ اس کی بھول ہے۔ اس سے پہلے بھی عبداللہ شاہ جو اس وقت وزیراعلیٰ سندھ تھے انہوں نے ریاستی وسائل کی بناء پر حیدرآباد میں پکاقلعہ پر جلسہ کیا تھا لیکن دوسرے دن پورے حیدرآباد میں ایک شخص بھی پیپلزپارٹی کو سپورٹ کرنے والا نظر نہیں آتا تھا۔ انہوں نے کہاکہ مہاجر ووٹ اور سپورٹ ہمیشہ متحد ومنظم رہیں گے اس لئے آج مہاجروں کے مسائل پر مگر مچھ کے آنسو بہانے والے خود مہاجروں کے مسائل کے ذمہ دار ہیں۔