شہر کراچی ہمارا ہے ،ْہم پاکستان بنانے والوں کی اولاد ہیں، شہر میں لوگوں کو بھٹکانے کی کوشش کی گئی ، مزمل اقبال ہاشمی

قائد اعظم اور علامہ اقبال کے پاکستان پایہ تکمیل تک پہنچانے کا عہد کرلیا ہے اور کرپٹ سیاست دانوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے

اتوار 29 اپریل 2018 19:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2018ء) ملی مسلم لیگ کے نائب صدر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ شہر کراچی ہمارا ہے کیونکہ ہم پاکستان بنانے والوں کی اولاد ہیں، شہر میں لوگوں کو بھٹکانے کی کوشش کی گئی آج اس جلسہ میں موجود نوجوانوں نے مفاد کی سیاست کرنے والوں کو رد کردیا اور قائد اعظم اور علامہ اقبال کے پاکستان پایہ تکمیل تک پہنچانے کا عہد کرلیا ہے اور کرپٹ سیاست دانوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارتھ ناظم آباد ڈینٹل کالچ پر منعقد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرکارکنان اور اہلیان نارتھ ناظم آباد نے ملی مسلم لیگ کے نائب صدر کا استقبال فلک شگاف نعروں اور گل پاشی سے کیا۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ کراچی میں عوام کا سکون چھین لیا اور کراچی کی عوام کو مختلف نعرے دے کر بے وقوف بنایا گیا۔

(جاری ہے)

شہر کو فرقہ واریت اور لسانیت کی طرف دھکیل دیا گیا اب کراچی کی عوام کی تبدیلی کے لیے ملی مسلم لیگ نے قدم اٹھایا ہے آئیے ہمارا ساتھ دیں، انہوں نے کہا کہ کراچی میں علاقوں کو لسانیت کے نام پر بانٹ دیا گیا تھا اور ان شاء اللہ آنے والے وقتوں میں ہم شہر کو لسانیت اور فرقہ واریت سے پاک کریں گے۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ پاکستانی سیاست دانوں کے بچے ملک سے باہر پڑھتے ہیں۔

یہ نااہل حکومت اسمبلی میں بجٹ بل پیش کرتی ہے اور کہتی ہیں کہ ووٹ کو عزت دو۔ ملی مسلم لیگ کہتی ہیں ووٹر کو عزت دو تو تمہارے ووٹ کو بھی عزت مل جائے گی۔مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ حکومت کے کچھ دن باقی ہیں اور یہ اپنے غیر ملکی آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے پاکستان میں ایسا بل پیش کرنا چاہتی ہیں جس سے یہ ملک غیر ملکیوں کے قبضے میں چلا جائے اور جو بل یہ پیش کرنا چاہتے ہیں ہمارے ملک کا آئین اس کی اجازت نہیں دیتا ہے اب اس ملک میں نظریہ پاکستان چلے گا اگر ملک کو ملک امریکا اور ہندوستان کی غلامی میں دینے کے لیے کوئی بک پاس کیا گیا تو سن لو پاکستانی عوام تمہیں دھکیل کر اس ملک سے باہر پھینک دیں گی۔