لاہور سیاست کااہم مرکز بنا رہا، اہم سیاسی رہنمائوں کی موجودگی ، سیاست کا ماحول سارا دن گرم رہا

اتوار اپریل 19:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل2018ء) صوبائی دارالحکومت لاہور گزشتہ روز سیاست کااہم مرکز بنا رہا اور لاہور میں مختلف سیاسی جماعتوں کے اہم رہنمائوں کی موجودگی کے باعث سیاست کا ماحول سارا دن گرم رہا بتایاگیا ہے کہ سابق وزیراعظم میاںنواز شریف کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس میں شرکت کیلئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی صبح ہنگامی طور پر اسلام آباد سے بذریعہ خصوصی طیارے لاہور پہنچے جہاں انہوں نے ن لیگ کے بڑوں کی بیٹھک میں خصوصی طور پرشرکت کی جبکہ اس کے ساتھ ساتھ صدر مملکت ممنون حسین بھی گزشتہ دوپہر اچانک اسلام آباد سے خصوصی طیارے کے ذریعے اپنی فیملی کے ہمراہ لاہور پہنچ گئے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت تحریک انصاف کے دیگر مرکزی قائدین بھی گزشتہ روز مینار پاکستان میں ہونے والے جلسہ میں شرکت کیلئے لاہور میں پہلے ہی موجود تھے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری جنہوں نے گزشتہ تین دن سے لاہور میںڈیرے ڈالے ہوئے ہیں آصف علی زرداری نے بھی گزشتہ روز بلاول ہائوس میں مختلف پارٹی رہنمائوں سے ملاقاتیں کیں اور الیکشن 2018ء کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جبکہ پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی تحریک انصاف کے مینار پاکستان میں ہونے والے جلسے میں شرکت کیلئے گزشتہ صبح لاہور پہنچ گئے یوں مختلف اہم سیاسی رہنمائوں کی لاہور میں موجودگی کے باعث لاہور کاسیاسی درجہ حرارت بلند ہی رہا ۔