ماہ صیام میں گراں فروشوں کیخلاف بھرپور کریک ڈائون کیلئے تیاریاں کرنیکی ہدایت کر دی گئی‘ چیئرمین پی سی سی

اتوار 29 اپریل 2018 19:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2018ء) چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے کہا ہے کہ انتظامیہ کے افسران کو رمضان المبارک میں گراں فروشوں کے خلاف بھرپور اور موثر کریک ڈائون کیلئے تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ،دکاندارسرکاری نرخ نامے کو نمایاں جگہ پر آویزاں کرکے اس کے مطابق فروخت کو یقینی بنائیں ،رمضان المبارک کے آغاز سے ایک ہفتہ قبل عوا م کی آگاہی کیلئے تشہیری مہم بھی شروع کی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر صارفین کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ چیئرمین پی سی سی میاں عثمان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ عوام کو ہر صورت ریلیف مہیا کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معمول کے دنوں میں جن علاقوں سے گراں فروشی کی زیادہ شکایات موصول ہوتی ہیں رمضان المبارک میں ان پر فوکس کریں گے ۔

جن دکانداروں کو گراں فروشی پر پہلے جرمانے یا سزائیں ہو چکی ہیں انہیں انتظامیہ کے لوگ صارفین کے روپ میں خود خریداری کر کے چیک کریں گے ۔ انہوںنے مزید کہا کہ شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ وہ سرکاری نرخوں کے مطابق خریداری کریں اور جو دکاندار زائد نرخ مانگیں ان کے بارے میں فوری شکایت درج کرائی جائے تاکہ انہیں قانون کے شکنجے میں لیا جا سکے۔