مریدکے، شہر بھر کے دو سو سے زائد میڈیکل سٹور چوتھے روز بھی بند رہے

مریضوں کے لواحقین ادویات کے حصول کے لیے مارے مارے پھرتے رہے

اتوار 29 اپریل 2018 19:20

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2018ء) کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن مریدکے کی اپیل پر شہر بھر کے دو سو سے زائد میڈیکل سٹور چوتھے روز بھی بند رہے اور مریضوں کے لواحقین ادویات کے حصول کے لیے مارے مارے پھرتے رہے۔ جی ٹی روڈ پر احتجاج دھرنا دینے والے میڈیکل سٹور مالکان کی قیادت کرنے والے چودھری ظہیر احمد کمبوہ، شیخ محمد شفیق عاصم، شیخ عمر حیات اور نصیر احمد کمبوہ نے کہا کہ ڈرگ ایکٹ 2017کی ظالمانہ ترامیم کے خاتمہ تک ہماری تالہ بندی جاری رہے گی اور مرکزی قیادت کی کال پر لاہور کے احتجاجی دھرنا میں بھر پور شرکت کی جائے گی۔

میڈیکل سٹور مالکان کے ہڑتال کے باعث تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال مریدکے میں مریضوں کی تعداد میں کئی گنا ذیادہ اضافہ ہو گیا ہے اور مریض لمبی لائنوں میں لگ کر سرکاری ادویات حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری طرف عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کارووائی کے باعث بھی اکلوتے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال مریدکے پر مریضوں کا بوجھ تین گنا بڑھ گیا ہے اور ڈاکٹروں سمیت دیگر عملہ انہیں طبی امداد فراہم کرنے کے لیے سخت مشکلات کا شکا رہے۔ شہریوںنے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ میڈیکل سٹور مالکان کے جائز مطالبات کو تسلیم کرکے مریضوں کو سسکیاں لے کر مرنے سے بچائے ورنہ مریض بھی اس تحریک کا حصہ بن جائیں گے۔