ایم ڈی او جی ڈی سی ایل کے لئے پانچ ارب کی بولی لگ گئی

ارب پتی امیدواروں نے اسلام آباد کے فائیو سٹار ہوٹلوں میں ڈیرے دال دیئے اعلیٰ اختیارات کے حامل افسران ارب پتیوں سے مستفید ہونے لگے

اتوار اپریل 19:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل2018ء) منیجنگ ڈائریکٹر او جی ڈیسی ایل کے عہدے کیلئے بولی 5 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے‘ بیرونی ممالک سے آئے امیدواروں نے ایم ڈی او جی ڈی سی ایل بننے کیلئے بولی 5 ارب روپے سے زائد تک کی لگ دی ہے۔ حکومت ختم ہونے سے قبل وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایم ڈی کے عہدے پر من پسند شخص کو تعینات کرکے ’’دلی مراد‘‘ بھر لیں گے۔

جس سے سیکرٹری پیٹرولیم اور چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز کو بھی حصہ ملے گا۔ وزارت پیٹرولیم کے ذیلی ادارہ او جی ڈی سی ایل جس کا سالانہ منافع 70 ارب روپے سے زیادہ ہے اور پاکستان کی سب سے بڑی آئل کمپنی ہے۔ نواز شریف نے او جی ڈی سی ایل کا مستقل ایم ڈی چار سال تک تعینات نہیں کیا تھا بلکہ ایڈہاک بنیادوں پر اس ادارے پر ذاتی آدمی تعینات کرکے تسلط قائم رکھا۔

(جاری ہے)

شاہد خاقان عباسی نے اب مستقل ایم ڈی تعینات کرنے کیلئے درخواستیں طلب کی ہیں اور چار سو سے زائد امیدواروں کی طرف سے درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن کی جانچ پڑتال او جی ڈی سی ایل کے ایچ آر شعبہ کرنے میں مصروف ہے۔ حکومت نے اشتہار میں ایک شق ڈالی تھی کہ بیرون ملک میں مقیم پاکستانی بھی اس عہدہ کیلئے اہل ہوں گے۔ جس کے نتیجہ میں درجنوں ارب پتی پاکستانیوں نے اس عہدے کیلئے درخواست دی ہے جس مین ماعت اسلامی کے امیر مرحوم قاضی حسین احمد کا بھتیجا ایم عاصم قاضی بھی شامل ہے ۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اعلیٰ اختیارات کے حامل افسران اور سیاسی شخصیات کو پندرہ ارب روپے کی پیشکش ہوچکی ہے جبکہ بعض امیدوار بولی کو آگے بھی لے جانا چاہتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی حکومت کے خاتمہ سے قبل اس عہدہ پر تعیناتی کرنا چاہتے ہیں جبکہ مارکیٹ میں باتوں کوعملی جامعہ پہنایا گیا تو وزیراعظم اور سیکرٹری پیٹرولیم کے وارے نیارے ہوجائیں گے۔

جبکہ اس عہدہ پر سرمایہ کاری کرنے والے ارب پتی لوگوں نے او جی ڈی سی ایل کے چھوٹے عملہ کو بھی رام کر رکھا ہے اور انہیں اسلام آباد کے مہنگے اور فائیو سٹار ہوٹلوں میں پرتعیش کھانے اور دیگر سامان مہیا کیا جارہا ہے۔ او جی ڈی سی ایل کے ایک اعلی افسر نے بتایا ہے کہ اگلے چار ہفتوں میں ایم ڈی تعینات کردیا جائے گا۔ او جی ڈی سی ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے اجلاس میں چند افراد کے نام فائنل کرکے سمری وزیراعظم کو بھیجی جائے گی جبکہ وزیراعظم اور کابینہ سیکرٹری مل کر اس عہدہ کیلئے کسی من پسند شخص کو تعینات کریں گے۔