لوگ جموں وکشمیر کی آزادی اور ان کے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے متفقہ طور پر جدوجہد کر رہے ہیں،سردارمسعودخان

پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہیں،بہترین معیار پر آزادکشمیر بھر کے تمام اخبارات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،تقریب سے خطاب

اتوار 29 اپریل 2018 19:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے لوگ جموں وکشمیر کی آزادی اور ان کے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے متفقہ طور پر جدوجہد کر رہے ہیں۔ اخبارات کو پرنٹ ایڈیشن سمیت سوشل میڈیا جیسے جدید ذرائع ابلاغ کا بھر پور استعمال کرتے ہوئے کشمیر کے ایشو کو اجاگر کرنا ہوگا۔

پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں اور جزو لانیفک ہیں۔ دنیا کی کوئی طاقت انہیں کو جدا نہیں کر سکتی۔ دنیا میں اخبارات تجارتی مقاصد کیلئے شروع کئے جاتے ہیں لیکن آزادکشمیر اور پاکستان سے شائع ہونے والے اخبارات کی نظریاتی اساس بھی ہے وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت ملنا چاہیے، بہترین معیار پر آزادکشمیر بھر کے تمام اخبارات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔

(جاری ہے)

روزنامہ نیل فیری کے اجراء پر ایڈیٹر نثار کیانی ، ایگزیکٹیو ایڈیٹر نعیم حیات سمیت پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ ان خیالات کا اظہارصدر آزادجموں وکشمیر نے یہاںکشمیر ہائوس اسلام آباد میں روزنامہ نیل فیری مظفرآباد کی تقریب پذیرائی سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب کی صدارات ایڈیٹر روزنامہ نیل فیری نثار احمد کیانی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض ایگزیکٹیو ایڈیٹر نعیم حیات نے انجام دئیے ۔

اس موقع پر، اے کے این ایس کے سابق صدر و چیف ایڈیٹر کشمیر ایکسپریس سردار زاہد تبسم ، کشمیر جرنلسٹس فورم کے صدر عابد خورشید، سابق وائس چیئر مین پریس فائونڈیشن آزادکشمیر امجد چوہدری ،نیشنل پریس کلب اسلام آباد راولپنڈی کیمپ کے انچارج عابد عباسی ،مرکزی صدر آزادجموں کشمیر یونین آف جرنلسٹس راجہ نثار احمدخان ،ڈپٹی رجسٹرار آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد ظفراقبال ، جموںکشمیر عوامی ورکرز پارٹی کے مرکزی چیئر مین نثار شاہ ایڈووکیٹ ، کشمیرجرنلسٹس فورم کے سابق صدر راجہ بشیر عثمانی ،انٹرنیشنل جرنلسٹ کونسل آف پاکستان رجسٹرڈ کے مرکزی صدر سردار ممتاز انقلابی ، مسلم لیگ ن آزادکشمیر شعبہ خواتین کی مرکزی جنرل سیکرٹری الماس گردیزی ، پی ٹی آئی آزادکشمیر شعبہ خواتین اسلام آباد ریجن کی صدر خولہ خان ، جموں کشمیر لبریشن فرنٹ شاہین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر نصرت شاہین نے بھی خطاب کیا ۔

پوٹھوہاری فلموں کے اداکار ہارون کیانی نے مزاحیہ خاکہ پیش کیا جبکہ نوجوان سنگرعمر راٹھور نے صوفیانہ کلام سے حاضرین محفل کے دل موہ لئے ۔قاری آصف سہیل جلالی نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی۔ تقریب میں سابق صدور کے جے ایف ،اعجاز عباسی ،شوکت ملک ،ڈی جی جموں کشمیرلبریشن سیل فداحسین کیانی ،سنیئر صحافیوں شیراز احمد راٹھور ، دانش ارشاد، ذیشان قریشی ،لیاقت مغل ، اے آر ساگر ،مرکزی ایوان صحافت مظفرآباد کے سابق جنرل سیکرٹری ذوالفقار بٹ ،سردار عبدالرحمن خان نامہ نگار نوائے وقت سہنسہ ، ڈاکٹر اسحق ڈڈیال ، یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی سنیئر نائب صدرمرزا نذیر احمد چکسواری ، محمد اقبال اعوان ، طالب علم رہنما زبیر لطیف،اے ڈبلیو پی کشمیر کی رہنما اجمل تیموری ، سمیت خواتین وحضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

صدر آزادکشمیر نے روزنامہ نیل فیری کے اجراء پر ایڈیٹر نثار کیانی ، ایگزیکٹیو ایڈیٹر نعیم حیات سمیت پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی ۔انہوں نے کہا کہ اخبار شروع کرنے کے لئے کھٹن مراحل سے گذرنا پڑنا ہے ۔دنیا میں اخبارات تجارتی مقاصد کے لئے شروع کئے جاتے ہیں لیکن آزادکشمیر اور پاکستان سے شائع ہونے والے اخبارات کی نظریاتی اساس بھی ہے۔

وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت ملنا چاہیے ۔کشمیری70 سالوں سے بھارت سے اپنی آزادی اور حق خودارادیت کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں ۔ لہذا ان کے لئے یہ مراحل اور بھی مشکل ہو جاتے ہیں ۔ ماضی میں آزادکشمیر میں اخبارات ہفت روزہ کی شکل میں شائع ہوتے ہیں ۔آج آزادکشمیر میں بڑی تعداد میں اخبارات روزنامہ کی شکل میں شائع ہورہے ہیں جن کے صفحات مقبوضہ وادی میں بھارت کی طرف سے معصوم کشمیریوں ڈھائے جانے والے ظلم و جبر کو بے نقاب کیا جاتا ہے ۔

اس کے علاوہ تمام صفحات پر آزادکشمیر سمیت پاکستان کے سیاسی حالات واقعات کی خبریں نمایاں ہوتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر سے شائع ہونے والے اخبارات معیار کے اعتبار سے مقبوضہ کشمیر سے شائع ہونے والے اخبارات سے کسی بھی طرح کم نہیں ہیں ۔ انہوں نے آزادکشمیر سے شائع ہونے والے اخبارات کو بہترین ایڈیٹوریل صفحات پر خراج تحسین پیش کیا ۔

صدر آزادکشمیر نے کہا کہ ، ہمیں جدید ذرائع ابلاغ (سوشل میڈیا، الیکٹرانک میڈیا)کا بھر پور استعمال کرتے ہوئے کشمیر کے ایشو کو اجاگر کرنا ہوگا۔ اانہوں نے روزنامہ نیل فیری کی کامیابی کے لئے نیک خواہشتا کا اظہار کیا ۔ صدر آزاد جموں وکشمیر نے کہا کہ بھارت ظلم و جبر اور سیاسی و معاشی لالچ دینے کے باوجود کشمیریوں کے نہ دل جیت سکا اورنہ ہی وہ کشمیریوں کے جذبہ حریت کو سرد کر سکا ہے صدر مسعود خان نے کہا کہ آزادکشمیر حکومت کی تین ترجیحات ہیں جن میں مسئلہ کشمیر ، گڈ گورننس اور تعمیر و ترقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر بھی سی پیک کا حصہ بن چکا ہے اور یہ خطہ تیزی سے اقتصادی ترقی کی منازل طے کر رہا ہے جوکہ پاکستان کے لئے ایک اثاثہ بن کر سامنے آئے گا۔صدر مسعود خان نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت آزادکشمیر میں 4بڑے منصوبے جات جن میں کروٹ و کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ، مانسہر ہ تا میر پور ایکسپریس وے اور میر پور میں صنعتی زون کا قیام شامل ہے کو جلد مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان میگا پراجیکٹس کے باعث آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پیدا ہونگے۔ اسطرح ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار آزادکشمیر کا رخ کریں گے۔ اور انشا ء اللہ آزادکشمیر اقتصادی و معاشی طور پر مزید مستحکم اور خوشحال خطہ بن کر سامنے آئے گا۔