پاکستان رینجرز سندھ کی شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی، سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگ کے ارکان سمیت11 ملزمان کو گرفتار کرلیا

اتوار اپریل 19:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل2018ء) پاکستان رینجرز سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگ کے ارکان سمیت11 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ،ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات بھی برآمد ہوئی ہے۔ ملزمان ٹارگٹ کلنگ،، بھتہ خوری، لینڈ گریبنگ، ڈکیتی،، اسٹریٹ کرائم، منشیات فروشی سمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرز نے منگھوپیر اقبال مارکیٹ، اتحاد ٹائون، مدینہ کالونی، بلدیہ ٹائون اور کورنگی کے علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 7ملزمان فیصل شریف عرف کالو، آصف خورشید عرف کالا بندر، سہیل احمد، عبدالرحمن عرف بابا ٹنکی، محمد عدنان عرف ادو اور عبدالرشید انصاری عرف ماموں جن کا تعلق ایم کیو ایم لندن جبکہ آصف صدیق قریشی عرف رانگڑ جس کا تعلق ایم کیو ایم حقیقی سے ہے کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

ملزمان ٹارگٹ کلنگ،، بھتہ خوری، لینڈ گریبنگ، ڈکیتی،، اسٹریٹ کرائم، منشیات فروشی سمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ترجمان کے مطابق رینجرز نے گلبرگ کے علاقے میں ایک اور کارروائی کے دوران ملزم محمد نعمان کو گرفتار کرلیا جو اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہے۔ ترجمان کے مطابق گلبرگ، بریگیڈ اور صدر کے علاقوں میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان محمد شفیق، شوکت اور ہدایت اللہ کو گرفتار کرلیا جو منشیات فروشی کے کاروبار میں ملوث ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات بھی برآمد ہوئی ہے۔ ملزمان کو مزید قانونی چارہ جوئی کے لئے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔