جمعیت علما اسلام کے وفد کی ایم ڈی واٹر بورڈ سے ملاقات، شیر شاہ میں پانی کی فراہمی کا مطالبہ

اتوار 29 اپریل 2018 19:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2018ء) جمعیت علما اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان کی قیادت میں وفد نے ایم ڈی واٹر بورڈ خالد محمود شیخ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد میں ضلع غربی کے امیر مولانا عمرصادق،جنرل سیکریٹری سید اکبر شاہ ہاشمی، شیرشاہ کے امیرحاجی عزیز الرحمن عزیز،سید فضل امیر شاہ عرف امیرخان،وحید خان سواتی ،واٹر بورڈ کے ڈی ایم ڈی اسداللہ خان ،اعلی افسران الہی بخش بھٹو ،ظفر پلیجو ،اویس ملک سمیت دیگر سینئر ارکان موجود تھے۔

قبل ازیں ایم ڈی واٹر بورڈ کے دفتر میں ڈی ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللہ خان کی صدارت میں سینئر افسران اور جے یوآئی کے رہنماں کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا ،مشترکہ اجلاس اور ایم ڈی واٹر بورڈ خالد محمود شیخ سے ہونے والی میٹنگ میں قاری محمد عثمان نے شیر شاہ کالونی،بلدیہ ٹان اور سائٹ ٹاون پٹھان کالونی میں کئی سالوں سے پینے کے پانی کی عدم دستیابی، واٹر مافیا کی تباہ کاریوں،ناجائز کنکشنز سمیت پانی کی عدم سپلائی کے تمام ہی مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تمام مذکورہ بالا علا قوں میں غریب اور متوسط طبقے کے لوگ اور شہری رہ رہے ہیں ،جنہیں ایک جانب واٹر بورڈ کے پانی مافیا نے تباہی کے کنارے پر لا کھڑا کردیا ہے تو دوسری جانب کے الیکٹرک نے ان کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شیر شاہ کالونی جیسی کراچی کی قدیم ترین آبادی کے ایک حصے کے مکینوں کو گزشتہ 8 سال اور ایک حصے کے مکینوں کو 4 سالوں سے لائن کا صاف پانی نہیں مل رہا ہے جبکہ پانی مافیا عوام کو چوس چوس کر ارب پتی بن رہے ہیں، اس ظلم کو روکنے اور پوچھنے والا کوئی نہیں مگر اصل شہری اذیت کی زندگی گزار رہے ہیں۔قاری محمد عثمان نے مزید کہا کہ قیام پاکستان سے 2014 ء تک پراچہ چوک شیر شاہ زیرو والوو چل رہا تھا جس سے 50 فیصد آبادی کو پانی کی سپلائی چل رہی تھی مگر اس وقت کے ایم ڈی واٹر بورڈ سے ملی بھگت کرکے بند کرا دیا، جس سے آدھا شیر شاہ پانی سے محروم کردیا گیا، اب تک شیر شاہ کالونی کی 60 فیصد آبادی پینے کے پانی سے محروم ہے۔

قاری محمد عثمان نے کہا کہ بلدیہ ٹان اور سائٹ ٹان میں پانی کی غلط ترسیل، ناظم آباد سے گلبائی اور نادرن بائی پاس کی پوری سائٹ نیز ولیکہ مل،منھگو پیر روڈ اور دیگر علاقوں میں پانی مافیا کی پانی چوری ،ہارون آباد سمیت مختلف مقامات پر مین لائن سے 4،5 اور 6 انچ کے ناجائز کنکشنز ایک بہت بڑا مسئلہ بن گیا ہے، لہذا واٹر بورڈ شہر کراچی کو پانی مافیا سے نجات دلانے کیلئے فوری ایکشن لیکر آپریشن کے ذریعے پانی چوری میں ملوث ان تمام بااثر افراد کو گرفتار کرکے سزا دلائے۔

ایم ڈی واٹر بورڈ خالد محمود شیخ نے توجہ سے تمام مسائل کو سن کر وفد کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ پانی چوری کرنے والوں اور ناجائز کنکشنز لگانے والے مافیا سے عوامی قوت اور قانونی طور پر نمٹنے کیلئے بھر پور اقدامات کئے جائیں گے۔