پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی کی بنا پر عوام کے دلوں میں بستی ہے‘شہبازشریف

عوام کو تبدیلی کے نام پر دھوکہ دیا گیا ،سندھ اور خیبرپختونخوا میں کوئی ایک بھی قابل ذکر منصوبہ شروع نہیں کیا گیا الزام تراشی ، جھوٹ اور منافقت کی سیاست کرنیوالے اور دھرنے دینے والے پاکستان کی ترقی کے دشمن اور قوم کے مجرم ہیں رکاوٹوں کے باوجود تعمیر و ترقی کے منصوبوں کو آگے بڑھایا ہے، جب تک جان میں جان ہے عوام کی بے لوث خدمت کرتا رہوں گا عوام کی شب و روز خدمت اور ترقیاتی منصوبوں کی بدولت آئندہ انتخابات میں بھی فتح حاصل کریں گے‘وزیراعلیٰ پنجاب

اتوار 29 اپریل 2018 19:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی کی بنا پر عوام کے دلوں میں بستی ہے ،نام نہاد تبدیلی اور نیا پاکستان بنانے کے دعویداروں کی کارکردگی سب کے سامنے ہے،ان عناصر نے اپنے صوبے کے پی کے میں عوام کو تبدیلی کے نام پر دھوکہ دیا ہے،سندھ اور خیبرپختونخوا میں کوئی بھی قابل ذکر منصوبہ شروع نہیں کیا گیا۔

عوام سیاسی شعبدہ بازوں کو پہچان چکے ہیں، سیاسی شعبدہ بازوں نے 5برس کے دوران عوام کی خدمت کی بجائے ترقی کے عمل میں رکاوٹیں ڈالیں۔2018 کے انتخابات میں عوام صرف اور صرف کارکردگی کی بنیاد پر اپنی رائے کا اظہار کریں گے۔ عوام کی شب و روز خدمت اور ترقیاتی منصوبوں کی بدولت آئندہ انتخابات میں فتح حاصل کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست ملک و قوم کی خدمت اور ترقی کی سیاست ہے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ5برس میں عوام کی بے لوث خدمت کی ہے۔

عوام کی خدمت خالی نعروں سے نہیں ہوتی، اس کیلئے مٹی کے ساتھ مٹی ہونا پڑتا ہے اورہم نے رکاوٹوں کے باوجود تعمیر و ترقی کے منصوبوں کو معیار اوررفتار کے ساتھ آگے بڑھایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کی بے بنیاد الزام تراشیاں خدمت کی سیاست کے سامنے کوئی حیثیت نہیں رکھتیں۔ الزام تراشی ، جھوٹ اور منافقت کی سیاست کرنیوالے پاکستان کی ترقی کے دشمن ہیں ۔

دھرنوں کے ذریعے وقت ضائع کرنے والے قوم کے مجرم ہیں ۔ قوم کو اندھیروں اور مشکلات سے دوچار کرنے والوں کو عوام کی ترقی کے سفر سے تکلیف ہو رہی ہے ۔ یہ عناصر نہیں چاہتے کہ پاکستان آگے بڑھے اور عوام کے مسائل حل ہوں ۔ ترقی کے مخالفین نے خوشحالی کی جانب بڑھتے ہوئے پاکستان کی منزل کو کھوٹا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور باشعور عوام کی تائید و حمایت سے ان شکست خوردہ عناصر کی ہر سازش ناکام ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ باشعور عوام نے بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو ہر موقع پر ووٹ کی طاقت سے آئینہ دکھایا ہے اور 2018 کے عام انتخابات میں بھی یہ شکست خوردہ عناصر ناکام رہیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میرا جینا مرنا اپنے عوام کے ساتھ ہے اور جب تک جان میں جان ہے عوام کی بے لوث خدمت کرتا رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ مٹھی بھرعناصرعام آدمی کی ترقی کی مخالفت کرتے رہیں، عوامی خدمت کا بے لوث سفر جاری رکھیں گے۔