وزیر اعلیٰ پنجاب کے دورہ بورے والا کے موقع پر کالج گرائونڈ کی توڑی گئی دیواریں تعمیر نہ کی جا سکیں

تین ماہ قبل میاں شہباز شریف کے دورہ کے موقع پر کالج گرائونڈ کی دیوارتین جگہوں سے توڑ کر عارضی دروازے بنائے گئے تھے

اتوار 29 اپریل 2018 20:10

بورے والا :(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 اپریل2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب میں شہباز شریف کے دورہ بورے والا کے موقع پر کالج گرائونڈ جلسہ گاہ میں آنے کے لیے توڑی گئی دیواریں ابھی تک نہیں بنائی گئیں ہیں جس سے سپورٹس گرائونڈ تباہ ہو گیا ہے سپورٹس تنظیموں کے عہدیداروں اور کھلاڑیوں کا احتجاج ڈپٹی کمشنر وہاڑی سے دیوار کی فوری تعمیر کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق تین ماہ قبل وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے دورہ بورے والا آمد اور انکے گورنمنٹ کالج بورے والا کے فٹ بال گرائونڈ خطاب کو سننے کے لیے لوگوں کی گرائونڈ میں آمد کی وجہ سے دیوار کو تین جگہوں سے توڑ کر عارضی دروازے بنائے گئے تھے لیکن وزیر اعلیٰ کے دورہ کو تین ماہ سے زائد کا عرصہ ہو گیا ہے لیکن محکمہ بلڈنگ نے ابھی تک اسے تعمیر نہیں کیا دیواریں ٹوٹنے سے لوگوں نے اسے گزر گاہ بنا لیا ہے جس سے گرائونڈ بری طرح تباہ ہو گیا ہے جبکہ گرائونڈ میں سٹیج کے ساتھ کھلاڑیوں کے پانی پینے کے لیے ہینڈ پمپ لگایا گیا تھا وہ بھی وہاں سے اکھاڑ کر غائب کر دیا گیا ہے اور کھلاڑی پانی پینے سے محروم ہو گئے ہیں کھلاڑیوں نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی سے دیوار کی تعمیر اور ہینڈ پمپ لگائے جانے کا مطالبہ کیا ہے