Live Updates

شریف برادران کی ساری شرافت کھل کر عوام کے سامنے آگئی ہے، فردوس عاشق اعوان

خواجہ آصف کی نااہلی اہلیان سیالکوٹ کے لئے نیک شگون ہے اللہ تعالیٰ جب کسی کی پکڑ کرتا ہے تو دنیا کی کوئی طاقت اسے بچا نہیں سکتی ،ملک کو محرومیوں میں دھکیلنے والے کرپٹ سیاستدانوں کے دن گنے جاچکے ہیں، پریس کانفرنس

اتوار 29 اپریل 2018 20:10

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 اپریل2018ء) سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ، مرکزی رہنماء پاکستان تحریک انصاف ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شریف برادران کی ساری شرافت کھل کر عوام کے سامنے آگئی ہے نا اہل میاں محمد نواز شریف کی ہر چال الٹی پڑ رہی ہے خواجہ آصف کی نااہلی اہلیان سیالکوٹ کے لئے نیک شگون ہے اللہ تعالیٰ جب کسی کی پکڑ کرتا ہے تو دنیا کی کوئی طاقت اسے بچا نہیں سکتی ۔

ملک کو محرومیوں میں دھکیلنے والے کرپٹ سیاستدانوں کے دن گنے جاچکے ہیں ملک و ملت کے جذبات سے کھیلنے والے حکمران کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ۔الیکشن 2018میں عوام ظالم و جابر حکمرانوں کے سارے کا سارا غروروتکبر خاک میں ملا دیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے سیاسی ڈیرہ کوبے چک میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ’’ن‘‘ لیگ نے پاکستان کو دوحصوں میں تقسیم کردیا ہے یہاں دو قسم کا قانون چل رہا ہے جو امیر و غریب کے لئے الگ الگ ہیں ،حکمرانوں کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے آج ملک زبوں حالی کا شکار ہے غربت و مہنگائی میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے لوگ دووقت کی روٹی کو ترس گئے ہیں میٹرو بسوں کوکسی نے چاٹنا ہے انھیں تو دووقت کی باعزت روٹی چاہیے آج حالت یہ ہے کہ نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لئے مارے مارے پھر رہے ہیں انھیں نوکریاں نہیں مل رہیں ،سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کا فقدان ہے جس کی وجہ سے لوگ مہنگے داموں پرائیویٹ ہسپتالوں میں علاج کروانے پر مجبور ہیں جبکہ ٖغریب افراد پیسے نہ ہونے کی وجہ سے سسک سسک کر مر رہے ہیں ،غربت کی وجہ سے لوگ خود کشیوں پر مجبور ہیں اب وقت آچکا ہے کہ عوام بیدار ہوں اور اپنے نفع نقصان کا فیصلے سوچ سمجھ کر کریں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ہم سب نے دوحصوں میں بٹے ہوئے پاکستان کو یک جان کرنا ہے ہمارے قائد عمران خان نے قوم کو متحد کرنے اور دوحصوں میں تقسیم پاکستان کو ایک بنانے کا جو علم بلند کیا ہے اسے ہم سب نے ملکر کامیاب بنانا ہے ۔بدلتے پاکستان کا جو نعرہ تحریک انصاف نے لگایا ہے اسے عملی جامہ پہنانے کے لئے ہم سب کو آگے بڑھنا ہوگا تبھی ملک میں تبدیلی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ شریف برادران نے پچھلے 35سالوں میں ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے ملک کو کنگال کرکے رکھ دیا ہے اتنا کچھ کر گزرنے کے باوجود پوچھتے ہیں مجھے کیوں نکالا ’’بھائی نکالتے ‘‘ نہ تو تمھیں پھولوں کے ہار پہناتے کہ تم نے بہت اچھے کارنامے سرانجام دیئے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان ایک ایسے پاکستان بنانے جارہے ہیں جہاں مزدور ،محنت کش،وکلاء،ڈاکٹرز،صنعت کار ،سرمایہ دار سب کے لئے قانون و حقوق یکساں ہونگے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص ایک ہی آئین و قانون کا تابع ہوگا ،امیری غریبی کے فرق کو مٹایا جائے گا ،کوئی مزدور بوکھا نہیں سوئے گا اور نہ ہی کسی کی زینب درندگی کا شکار ہوگی ،کسی غریب کا چولہا سرد نہ ہوگا ہر کسی کو ان کے حق حقوق ان کی دہلیز پر مہیا کئے جائینگے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات