غیر ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنسوں پر عائد پابندی ختم کرنے کے باوجود عام شہر یوں کو لائسنس کا اجراء نہیں کیا جارہا

صرف وفاقی سرکاری ملازمین کو اسلحہ لائسنس جاری کئے جارہے ہیں

اتوار 29 اپریل 2018 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 اپریل2018ء) وفاقی وزارت داخلہ کی طرف سے غیر ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنسوں پر عائد پابندی کا خاتمہ کرنے کے باوجود عام شہریوں کو لائسنس کا اجراء نہیں کیا جارہا‘ صرف وفاقی سرکاری ملازمین کو اسلحہ لائسنس جاری کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق دو ماہ قبل وزیر داخلہ نے غیر ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنسوں پر عائد پابندی کا خاتمہ کردیا تھا تاہم وزارت داخلہ کی طرف سے لائسنسوں کے اجراء کے لئے جو ایس او پی بنایا گیا اس کے مطابق پہلے مرحلے میں صرف وفاقی وزارتوں‘ ڈویژنوں اور وفاق کے زیر انتظام کام کرنے والے خودمختار اور نیم خودمختار سرکاری اداروں کے ملازمین کو اسلحہ لائسنس جاری کئے جارہے ہیں۔

عام شہریوں کی طرف سے وزارت داخلہ اسلحہ لائسنس کے حصول کے لئے درخواست جمع نہیں کررہی اور نہ ہی انہیں کوئی واضح پالیسی بتائی جارہی ہے کہ کب عام شہریوں کی درخواستیں وصول کی جائیں گی۔ تاہم وزارت داخلہ کے ذرائع کے یہ کہنا ہے کہ نئے ایس او پی کے مطابق اگر عام شہریوں کو اسلحہ لائسنس جاری کئے جائیں گے تو اس میں صرف اسلام آباد اور وفاق کے زیر انتظام علاقوں میں رہائش پذیر شہری درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔