مہنگائی کے برعکس تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ سرکاری ملازمین کیساتھ سنگین مذاق ہے،مفتی محمد حیات القادری

اتوار 29 اپریل 2018 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 اپریل2018ء) جماعت اہلسنّت پاکستان بلوچستان کے صدر مہتمم و شیخ الحدیث مرکز اہلسنّت دارالعلوم جامعہ غوثیہ رضویہ بزرگ عالم دین الحاج مفتی محمد حیات القادری رضوی نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے مہنگائی کے برعکس سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ ملازمین کیساتھ سنگین مذاق ہے حکومت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 100 فیصد اضافہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت اپنے چھٹے بجٹ میں بھی عوام کو کوئی ریلیف نہیں دے سکی ہے حکومت کا بجٹ اس کے انتخابی منشورکا منہ چڑا رہا ہے اورحکومتی دعویدوں کی مکمل نفی کررہا ہے ان پانچ سالوں میں نہ عوام کا معیار زندگی بلند ہوا ،نہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم ہوئی نہ صاف صحت مند پانی کی سپلائی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکا ہے بلکہ شدید گرمی کے ستائے ہوئی قوم کو بجلی پانی اور گیس سے محروم کر کے مزید اذیت دی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جس بجٹ کو نیشنل اکانومک کونسل نے مسترد کردیاہو اور تین صوبوںکے وزیراعلیٰ جس کا بائیکاٹ کرچکے ہوں اس کے خدوخال سے عوام کیلئے کیا امید کی جاسکتی ہے، موجود بجٹ بھی مہنگائی میں اضافے اور عوام کیلئے سخت آزمائش ثابت ہوگا ملک میں بجٹ سے قبل ہی اشیاء خورودونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں تھیں بجٹ کے بعد اس کو مزید پر لگ جائیں گے جس سے غریب کے دوووقت کی روٹی سے بھی محروم ہوجانے کا خدشہ ہے ۔