جعفرآباد ، بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف جماعت اسلامی کی احتجاجی ریلی ودھرنا

اتوار اپریل 20:10

جعفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل2018ء) جعفرآباد میں بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی اور قومی شاہراہ پر دھرنا دیا گیا ، ریلی میں میں جے آئی کے ضلعی امیر محمد امین بگٹی ،صدر جے آئی یوتھ اے دی شیخ ، جنرل سیکرٹری کامران صدیقی ، زاہد علی عمرانی ودیگر نے شرکت کی۔

ریلی شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی عدالت روڈ پر دھرنے میں تبدیل ہوگئی جس میں نیشنل پارٹی کے عبدالرسول بلوچ ،کونسلر سردار رفیق احمد بھٹی ،شہری اتحاد کے صدر حاجی عبدالخالق کھوسہ ، الخدمت کے صدر محمد یوسف منگریو، محمد ایوب منصور وسمیت سیاسی وشہری پارٹیوں کے قائدین اور کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ریلی کے شرکاء نے قومی شاہراہ بلاک کرکے ہرقسم کی ٹریفک معطل کردی جس سے مسافروں کو بھی سخت مشکلات کاسامنا کرنا پڑا ۔

اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ جان بوجھ کر ڈیرہ اللہ یار کو نظرانداز کیا جارہا ہے ،ڈیرہ اللہ یار تمام تر بنیادی سہولیات سے محروم ہے بجلی پانی گیس سڑکیں سیوریج نظام تعلیمی ادارے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں منتخب نمائندوں نے انہیں سخت مایوس کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کردی گئی ہے اور کئی شہروں میں معمول کی لود شیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ ڈیرہ اللہ یار میں ظلم کی انتہا ہے شہر میں 16سے 18گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے ۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ واپڈا اہلکار لائن لاسز پر قابو پانے کیلئے شہریوں کے فیڈر بند کردیتے ہیں اور انکی بجلی رائس ملوں آٹے کی چکیوں بااثر افراد برف کے کارخانوں کو فراہم کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اللہ یار کے عوام لوڈ شیڈنگ کا عذاب بھگت رہے ہیں تیز میٹر اور بلنگ کے ذریعے لوٹ مار کی جارہی ہے اور بلنگ شہریوں سے غیر قانونی طور پر کروڑوں روپے وصول کرکے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا جارہا ہے ۔

مقررین نے کہا کہ ڈیرہ اللہ یار کے کرپٹ بجلی عملے کو تبدیل کرتے ہوئے فی الفور بجلی کی طویل غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ بند کی جائے اور شہر میں پینے کے پانی کی کمی دور کی جائے بصورت دیگر احتجاج کو مزید وسعت دی جائے گی ۔ اس موقع پر کارکنوں نے واپڈا انتظامیہ اور محکمہ پبلک ہیلتھ کے خلاف نعرے بازی بھی کی جبکہ شہری اتحاد ڈیرہ اللہ یار کی جانب سے بھی جعفرآباد میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف اگلے روز ریلی نکالنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔