کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کیشاہد آفریدی کی تعلیم اور صحت سمیت دیگرفلاحی خدمات کیلئے اسناد

اسلامک ریلیف کینیڈا کے سالانہ فنڈ ریزنگ ڈنر میں آپ کو خوش آمدید کہنا میرے لیے بہت خوشی کی بات ہے، کینیڈا میں کے شہری مسلم کمیونٹی سمیت تمام کمیونیٹیز کے لوگوں کے ساتھ مل کر ہر ایک کی بہتری کیلئے کام کرتے ہیں،کینیڈین وزیراعظم کا آفریدی کو خط

اتوار 29 اپریل 2018 20:11

اٹاوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 اپریل2018ء) کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے پاکستان کے سابق اسٹار آل راونڈرشاہد آفریدی کی تعلیم اور صحت سمیت دیگرفلاحی اور سماجی خدمات کو سراہا۔کینیڈا کے شہر وینکوور میں اسلامک ریلیف کینیڈا نامی تنظیم کی جانب سے شاہد آفریدی فاونڈیشن کے لیے ایک فنڈ ریزنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور دل کھول کر عطیات دیئے۔

اس موقع پر کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے بوم بوم آفریدی کی خدمات کے اعتراف میں انہیں تعریفی خط بھی لکھا جس میں انہوں نے آفریدی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامک ریلیف کینیڈا کے سالانہ فنڈ ریزنگ ڈنر میں آپ کو خوش آمدید کہنا میرے لیے بہت خوشی کی بات ہے۔ٹروڈو نے اپنے خط میں کینیڈا کی کامیابی کا راز تمام مذاہب کے لوگوں کو حاصل مکمل آزادی کو قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے لکھا کہ یہاں کے شہری مسلم کمیونٹی سمیت تمام کمیونیٹیز کے لوگوں کے ساتھ مل کر ہر ایک کی بہتری کیلئے کام کرتے ہیں۔واضح رہے کہ اس فنڈ ریزنگ کا مقصد پاکستان کے علاقے کوہاٹ میں بچوں کیلئے اسپتال کا قیام ہے جو شاہد آفریدی فاونڈیشن کے ہوپ ناٹ آوٹ کے سلوگن کے تحت تعمیر کیا جائے گا۔شاہد آفریدی نے اس پذیرائی اور اپنی فاونڈیشن کے وژن کی حمایت پر وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا شکریہ ادا کیا۔ لالہ نے اس حوالے سے دل کھول کر عطیات دینے پر کینیڈین، پاکستانی اور بھارتی کمیونٹی کا بھی تہہ دل سے شکریہ اداکیا۔