دینی جماعتوں کا اتحاد دین سے محبت کرنیوالے ووٹرز کو متحد کریگا ،صابرحسین اعوان

اتوار 29 اپریل 2018 20:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 اپریل2018ء) امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور و سابق ممبر قومی اسمبلی صابرحسین اعوان نے کہا ہے کہ دینی جماعتوں کا اتحاد متحدہ مجلس عمل دین سے محبت کرنیوالے ووٹرز کو متحد کریگا ، عام انتخابات کے لیے متحدہ مجلس عمل دین سے محبت کرنے والے عوام کے لیے متبادل پلیٹ فارم ہے، متحدہ مجلس عمل قومی امنگوں کی ترجمانی کرے گی، دینی قیادت کے متحرک سیاسی کردار سے سیکولر طبقے اور امریکی کاسہ لیسوں کو تکلیف ہورہی ہے،مگر قیام پاکستان کے مقاصد کا حصول تمام اسلامی مکاتب فکر کی قیادت کی مشترکہ جدوجہد سے ہی ممکن ہے، ایم ایم اے کی بحالی سے سیکولر طبقات خوفزدہ ہیں،جماعت اسلامی کے کارکنان ایم ایم اے کی کامیابی کے لیے تمام صلاحتیوں اور وسائل کو بروئے کار لائیں گے ۔

(جاری ہے)

وہ اپنی رہائشگاہ پر جماعت اسلامی این اے 28کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پشاورجسٹس(ر) غلام محی الدین ، واصل فاروق چمکنی ، امیر این اے 28افتخار احمد ، امراء زونل رفعت اللہ اسد ، منصف خان اور دیگر ذمہ داران بھی موجودتھے۔ اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے صابرحسین اعوان نے کہاکہ2002ء کی طرح تمام دینی ومذہبی جماعتیں آج ایک منشور ، ایک دستور ، ایک نشان ، ایک جھنڈے اور ایک نصب العین کے تحت متحد ہیں ہماری کوشش ہوگی کہ عوام کی آرزوں اور خواہشات پر پورا اتریں ۔

انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل ایک ایسا دینی ومذہبی اتحاد ہے اور ہم ایک خوش حال اور اسلامی پاکستان چاہتے ہیں نظام خلافت ہمارا مشن ہے مستقبل اسلام کا ہے، اللہ کا دین غالب ہوگا۔انہوں نے کہاکہ تمام امن پسند اور جمہوری لوگ متحدہ مجلس عمل کے ساتھ کھڑے ہیں قوم کو تقسیم درتقسیم کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنائیں ۔