ریحان ہاشمی کا رکن قومی و صوبائی اسمبلی کے ہمراہ محمد شاہ قبرستان کا دورہ

زائرین کو سہولیات کی فراہمی میں کو ئی کسر نہ چھوڑی جائے،ریحان ہاشمی

اتوار 29 اپریل 2018 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2018ء) چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی، رکن قومی اسمبلی عبدالوسیم ،رکن صوبائی اسمبلی جمال احمد ،چیئر مین ورکس کمیٹی بلدیہ وسطی عا رف شاہ کا شب برات کے حوالے سے محمد شا ہ قبرستان کا دورہ ۔ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے چیئر مین بلدیہ وسطی اور انکی ٹیم کی جانب سے شب برات کے حوالے سے کئے گئے انتظامات پر اظہار اطمینان ۔

اس موقع پر چیئر مین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ قبرستان آ نے والوں کو سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے شب برات سے قبل قبرستان اورروحانی محفل کے اجتمات کی جگاہوں پر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے کام کو فوری طور پر مکمل کر لیاجائے تا کہ شب برات کے موقع پر قبرستان آنے والے زائرین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو ۔

(جاری ہے)

عوامی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے چیئر مین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے ماہ شعبان کی ابتدا سے مربوط حکمت عملی اور بہترین پلاننگ کے ذریعے بلدیہ وسطی کے متعلقہ محکمہ جات کو متحرک کر دیا تھا، اس موقع پر چیئر مین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کہا کہ بلدیہ وسطی اپنے محدود فنڈ میں رہتے ہوئے ضلع وسطی کے عوام کو بنیادی بلدیاتی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہے ۔

بلدیہ وسطی نے ضلع وسطی کے تمام قبرستانوں کے اطراف صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ قبرستانوں میں قائم جھاڑیوں کی چھٹائی کام اور قبرستانوں کے ساتھ ساتھ مساجد و امام بارگاہوں کے راستوں پر صفا ئی ستھرائی اور روشنی کا کام بھی تقریبا مکمل کرلیا ہے تاکہ شب برات کے موقع پر زائرین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ واضح رہے کہ شب برات کے موقع پر مسلمانوں کی بڑی تعداد اپنے مرحوم عزیز و اقارب کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لئے جاتے ہیں جبکہ شب برات کے موقع پر ساری رات قبرستان جانے والوں کا تانتا بندھا رہتا ہے اس امر کو مد ِ نظر رکھتے ہوئے چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے قبرستانوں کے اطراف امدادی کیمپ لگانے کی ہدایت کی جن پر قبرستان آنے والے زائرین کے لئے پانی ،شربت اور پھول رکھے جائیں گے ۔