Live Updates

کراچی میں بدامنی تھی لیکن ہم نے رینجرز کی مدد سے امن قائم کیا،رانامشہود

ہماری حکومت نے 14ہزار میگاواٹ بجلی کے پروجیکٹ لگائے ،افسران کا فرض ہے کہ وہ معلوم کریں کہ سندھ کو کیوں نظرانداز کیا گیا ہے،سینئر صوبائی وزیرپنجاب کی پریس کانفرنس

اتوار 29 اپریل 2018 20:30

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2018ء) مسلم لیگ(ن) پنجاب کے سینئر صوبائی وزیر رانامشہود نے کہا ہے کہ کراچی میں بدامنی تھی لیکن ہم نے کراچی میں رینجرز کی مدد سے امن قائم کیا ، لوڈشیڈنگ پر قابو پایا ، قیام پاکستان سے 2013ء تک 16 ہزار میگاواٹ بجلی کے پروجیکٹ لگے تھے ، ہماری حکومت کے آنے کے بعد 14ہزار میگاواٹ بجلی کے پروجیکٹ لگائے گئے۔

وہ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ ان کے ہمراہ مسلم لیگ لیگ(ن) کے نومنتخب صوبائی صدر شاہ محمد شاہ، نومنتخب جنرل سیکریٹری سلیم ضیاء ، کھیل داس کوہستانی اور دیگر بھی موجو دتھے۔ رانا مشہود نے کہاکہ این ایف سی ایوارڈ کے مطابق تمام صوبوں کو یکساں وسائل ملتے ہیں ، پنجاب میں گڈ گورننس کی وجہ سے اربوں روپے اپنے پروجیکٹوںسے بچائے اور وہ صحت وتعلیم پر لگائے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ دوسرے صوبوں کو جو وسائل ملے وہ کرپشن کی نظر ہوئے، افسران کا فرض ہے کہ وہ معلوم کریں کہ سندھ کو کیوں نظرانداز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ جب 2013ء میں حکومت میں آئی تھی تو پاکستان کے پاس آئی ایم ایف کو قسط دینے کو نہیں تھی، بجلی کی لوڈشیڈنگ 20-20گھنٹے تھی، انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے اسمبلی کے اندر کھڑے ہوکر کہا تھا کہ گڈ طالبان اور بیڈ طالبان کو برداشت نہیں کریںگے جس کے بعد دہشت گردی کیخلاف پورے ملک میں آپریشن کیا گیا ۔

کراچی میں امن قائم ہوا ، قانون کی عملداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے سندھ میں اپنی تنظیم نو شروع کردی ہے، سندھ کے شہریوں اور عوام کو ان کا جائز حق ملنا چاہئے۔ کاشتکاروں کے ساتھ ظلم ہورہا ہے ، لوگوں کو سہولیات سے محروم رکھا جارہا ہے۔ سندھ میں صورتحال انتہائی خراب ہے ۔ سندھ اجڑا ہوا نظر آرہا ہے۔ ہم نے پنجاب میں طلباء کو لیپ ٹاپ دیئے تو پھر وفاقی سطح پر سندھ میں بھی دیئے۔

انہوں نے کہاکہ عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کا احتساب کریں گے ، لوٹوں اور لٹیروں کا احتساب کیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ چوہدری نثار سیاست کے ہیوی ویٹوں میں شمار ہوتے ہیں، پی ٹی آئی میں پی پی کا لوٹ مار کرنے والا گروپ شامل ہوگیا ہے جو ڈرائی کلین ہوچکا ہے۔ اس کے علاوہ مشرف کی ٹیم بھی ان میں شامل ہورہی ہے۔ عمران خان کی قسمت میں اس وقت پیرنی ہے اور آگے چل کر جادوگرنی ہوگی۔ ہم نے سندھ میں کام کیا ہے ، تھرکول جیسے میگا پروجیکٹ دیئے ہیں ۔صوبائی حکومت نے اس طرح ہاتھ نہیں ملایا جیسے انہیں ملانا چاہئے تھا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات