حیدرآباد،حکومت سندھ کی جانب سے وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کی بدولت شہری علاقوں کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ،ڈاکٹر فاروق ستار

اتوار 29 اپریل 2018 20:30

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2018ء) حکومت سندھ کی جانب سے وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کی بدولت شہری علاقوں کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں لیکن ایم کیو ایم کی عوامی خدمت اقتدار سے مشروط نہیں ہم وسائل کی کمی کے باوجود یہ عزم کرتے ہیں کہ ہم اپنی تمام تر صلاحیتیں برئوکار لاتے ہوئے بنیادی سہولیات جسمیں بجلی ، پانی ، نکاسی آب و دیگر مسائل کے حل کیلئے کوششیں تیزکردینگے۔

ان خیالات کا اظہار متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستارنے حیدرآباد میں ایم کیو ایم پاکستان کے ڈسٹرکٹ آفس میں بلدیاتی امور پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین رابطہ کمیٹی ، سندھ تنظیمی کمیٹی ، ایم کیو ایم حیدرآباد کے ڈسٹر کٹ آرگنائزر و اراکین آرگنائزنگ کمیٹی ،چیئر مینز ،کونسلرز کی کثیر تعداد موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہا کہ حیدرآباد شہر حق پرستوں کا شہر ہے اس شہر کے حق پرست کو حکومت سندھ نے تعصبانہ سوچ کی بدولت مسائل کا گڑھ بنا دیا ہے اور شہری علاقوں کے عوام کو حق پرست ہونے سزا دی جاری ہے لیکن ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے بلدیاتی نمائندگان شہریوں کے مسائل حل کرنے اور انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی ان کی دہلیز تک پہنچانے کیلئے دن و رات کی پروا کئے بغیر عوام کے درمیان موجود رہیں اور ان کے مسائل کے حل کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرتے رہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کے عوام پاکستان میں سب زیادہ ٹیکس ادا کرتے ہیں لیکن سندھ کے حکمرانوں کا ان کے ساتھ تعصبانہ رویہ اختیار کیا ہوا ہے اور حکومت سندھ عوامی مسائل کے حل اور ان کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں پوری طرح ناکام ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے حق پرست نمائندے عوامی خدمت کے کاموں میں اپنا زیادہ سے زیادہ وقت صرف کریں تاکہ شہری علاقوں کے عوام کا احساس محرومی دور کی جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم میڈل کلاس سے تعلق رکھنے والوں کی جماعت ہے جو عوام کے مسائل سے اچھی طرح آشنا ہیں اور حق پرست نمائندے عوامی مسائل کے حل کیلئے ظلم حکمرانوں کے سامنے آواز حق بلند کرتے رہیں ۔