راولپنڈی،مچھلی قوت بخش غذا اور نفع بخش کاروبار ہے،ثناء عروج

بچوں کی صحت اور توانائی کے لئے انہیں مچھلی کاگوشت لازمی کھلایا جائے ،مچھلی میںقدرتی طور پر پائے جانے والے غذائی اجزاء بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرتے ہیں،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹریننگ محکمہ ماہی پروری پنجاب

اتوار 29 اپریل 2018 20:30

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2018ء) مچھلی قوت بخش غذا اور نفع بخش کاروبار ہے ، بچوں کی صحت اور توانائی کے لئے انہیں مچھلی کاگوشت لازمی کھلایا جائے ۔ مچھلی میںقدرتی طور پر پائے جانے والے غذائی اجزاء بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرتے ہیں اور جسمانی نشوو نما میں مدد دیتے ہیں۔ یہ بات محکمہ ماہی پروری پنجاب کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹریننگ ثناء عروج نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نمبر ون فتح جنگ میں تقریب کے موقع پر طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوںنے کہاکہ ڈائریکٹر جنرل ماہی پروری پنجاب ڈاکٹر سکندر حیات کی ہدایات پر صوبے میںمچھلی کے گوشت کی افادیت اجاگر کرنے اور لوگوں کو مچھلی کے نفع بخش کاروبار کی طرف راغب کرنے کے لئے مختلف سطح پر عوامی آگاہی اور تربیتی سرگرمیوںکا سلسلہ جاری ہے اور تعلیمی اداروں میںسیمینارز منعقد کرکے بچوں کو مچھلی کے گوشت کی خوبیوںسے آگاہ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ اسے خوراک کا حصہ بنا کر صحت مند و توانا رہ سکیں۔

(جاری ہے)

ثناء عروج نے کہاکہ محکمہ ماہی پروری کی طرف سے شہریوں کو فش فارمنگ سے روشناس کرانے کے لئے تربیتی کورسز منعقد کئے جا رہے ہیں اور ڈائریکٹرماہی پروری امتیاز بیگم کی سربراہی میںپنجاب بھر میں فشریز کے فروغ کے لئے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ انہوں نے سکول کے تدریسی عملے اور طلباء سے کہا کہ وہ جنک فوڈ اور نقصان دہ خوراک کے بجائے مچھلی کے گوشت کو ترجیع دیں جس سے صحت عامہ کا معیار بہتر ہوتا ہے اور لحمیات کی جسمانی ضروریات بھی پوری ہوتی ہیں۔