انتخابی فہرستوں میں ووٹ کا اندراج اور کوائف کی درستگی کا (آج)30 اپریل کو آخری دن ہوگا، صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان

اتوار 29 اپریل 2018 21:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2018ء) صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان نیاز احمد بلوچ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اف پاکستان نے عوام کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی مدت میں اضافہ کرتے ہوئے اسکی مدت کو بڑھا کر 24 سے 30 اپریل تک کردی تھی اس لئے بلوچستان کے عوام اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایسے تمام افراد جنہوں نے ابھی تک الیکشن 2018 کیلئے انتخابی فہرستوں میں ووٹ کا اندراج اور کوائف کی درستگی نہیں کروائی وہ آج 30اپریل کو اپنے قریبی ڈسپلے سینٹر یا دفتر ضلعی الیکشن کمشنر تشریف لائیں اور اپنے ووٹ کے اندراج اور کوائف کی درستگی کو یقینی بنائںیں۔

(جاری ہے)

اور جمہوری عمل میں اپنا کردار ادا کریں۔ ووٹ کا اندراج ووٹ ڈالنے کی طرف پہلا قدم ہے، فارم الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائیٹ، ڈسپلے سینٹرز اور ضلعی الیکشن کمیشنر دفاتر سے حاصل کیے جاسکتے ہیں، اندراج / منتقلی ووٹ کے لیے فارم 15, اخراج / اعتراض کیلئے فارم 16 اور کوائف کی درستگی کے لیے فارم 17 جمع کروائیے، فارم کے ساتھ اپنے شناختی کارڈ کی کاپی ضرور منسلک کریں اور فارم جمع کرواتے وقت اپنا اصل شناختی کارڈ ہمرا رکھیں۔