ْمسلم لیگ (ن) آنے والے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی‘ جہانگیر خانزادہ

اتوار 29 اپریل 2018 22:30

حضرو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2018ء) صوبائی وزیر امور نوجواں جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) آنے والے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی‘ 2018کا الیکشن ملکی ترقی روکنے اور ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرنے والوں کے درمیان ہے‘ چھچھ مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے‘ آنے والے انتخابات میں ضلع بھر سے لیگی شیر بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز شادی خان میں معززین علاقہ سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں یوتھ ونگ کے ضلعی صدر ڈاکٹر زعفران ،حاجی احسان کی قیادت میں یوتھ کے کارکنوں سے ملاقات کے دوران جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں یوتھ کا کردار بھی نمایاں ہوگا‘ یوتھ ونگ کے کارکن مسلم لیگ نون کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔

(جاری ہے)

جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ 2015کے ضمنی الیکشن میں اہلیان چھچھ نے جو اعتماد مجھ پر کیا تھا اس پر انکا مشکور ہوں‘ ان اڈھائی سالوں کے دوران شہید بابا کے جاری منصوبوں کو مکمل کرنے کی کوشش کی‘ چھچھ میں تعلیم اور صحت کے شعبوں پر بھی خصوصی توجہ دی گئی جبکہ کروڑوں روپے کے ترقیاتی کام بھی کروائے گئے جسکی وجہ سے عوام کا معیار زندگی بلند ہوا جہانگیر خانزادہ نے مزید کہا کہ آنے والے انتخابات میں مسلم لیگ نون اٹک سمیت بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔