کشمیری صرف بھارتی قبضے سے آزادی چاہتے ہیں،عالمی برادری کو مقبوضہ وادی میں بھارت کی انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیئے،

آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اتوار اپریل 23:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل2018ء) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ کشمیری صرف بھارتی قبضے سے آزادی چاہتے ہیں اور وہ اپنے بنیادی حق حق خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی پرامن تحریک آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہوا ہے اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سمیت تمام اہم عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور اور موثر طریقے سے اجاگر کرتا آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی و سفارتی چینلز کے ذریعے نہتے اور معصوم کشمیریوں پر بھارتی ظلم و بربریت کو اجاگر کرنے اور ان مظالم کے خلاف آواز اٹھانے کی بھی ضرورت ہے۔ صدر آزاد جموں و کشمیر کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے اور وہاں نہتے کشمیریوں اور بالخصوص نوجوانوں کو بلاوجہ قتل اور ان کے گھروں کو تباہ کر رہا ہے لیکن وہ جان لے کہ وہ آزادی کی اس پرامن تحریک کو روک نہیں سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ وادی میں بھارت کی جانب سے کی جانے والی انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیئے،،مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا چاہیئے۔