Live Updates

ملک بھرمیں ایک تعلیمی نصاب لے کر آئیں گے‘ پورے پاکستان کیلئے ہیلتھ پالیسی کا اجراء کریں گے،ٹیکس کے نظام کو ٹھیک کریں گے ، بیرون ملک سے سرمایہ کاری لے کر آئیں گے ‘پی ٹی آئی کے چیئرمین کا جلسہ سے خطاب

پیر 30 اپریل 2018 01:00

لاہور۔29 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 11نکاتی ایجنڈا پیش کر تے ہوئے کہا کہ ہم ملک بھرمیں ایک تعلیمی نصاب لے کر آئیں گے‘ پورے پاکستان کیلئے ہیلتھ پالیسی کا اجراء کریں گے،ٹیکس کے نظام کو ٹھیک کریں گے ، بیرون ملک سے سرمایہ کاری لے کر آئیں گے ‘ ملک سے بے روزگاری کا خاتمہ کریں گے ‘نظام اور گورننس ٹھیک کریں گے‘پورے ملک میں ایک جیسا بلدیاتی نظام لے کر آئیں گے ‘ پولیس کے نظام میں اصلاحات لے کر آئیں گے اور خواتین اور بچیوں کو تعلیم فراہم کریں گے، وہ اتوار کی شب مینار پاکستان میں منعقدہ ایک جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمد پرویز خٹک ‘شاہ محمود قریشی‘ جہانگیر ترین‘میاں محمود رشید‘ شیخ رشید احمد سمیت دیگر سیاسی رہنما ء بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ 8لاکھ بچے پروائیویٹ سکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔25لاکھ بچے مدرسوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور سوا تین کروڑ بچے سرکاری سکولوںمیں زیر تعلیم ہیں ہم پورے ملک میں ایک تعلیمی نصاب متعارف کروائیں گے ۔

جس کے ذریعے ملک بھر کے بچے ایک طرح کی تعلیم حاصل کر سکیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سارے پاکستان کیلئے ہیلتھ پالیسی کا اجراء کریں گے ۔ خیبرپختونخواہ میں 70فیصد خاندانوں کیلئے ہیلتھ کارڈ کا اجراء کیاگیا ہے ۔ جہاں وہ 5لاکھ تک کے علاج کا خرچہ حکومت برداشت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس سسٹم کو ٹھیک کریں گے اور پاکستانیوں سے 8ہزار ارب روپے کی رقم ٹیکس کی مدمیں اکٹھی کریں گے ۔

بیرون ملک سے خطیر سرمایہ کاری لے کر آئیں گے اور سرمایہ کاروں کیلئے آسانیاں پیداکریں گے ۔ اوورسیز پاکستانی پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے ۔ صنعتیں لگیں گی‘ روزگاردیں گے غریبوں کیلئے‘50لاکھ سستے گھر بنائیں گے اور ٹیکنیکل ایجوکیشن کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے بے روزگاری کاخاتمہ کریں گے۔ ملک میں سیاحت کے فروغ کے ذریعے بیروز گاری پرقابو پائیں گے اور ہر سال 4پوائنٹ کھولیں گے جس سے ملک میں سرمایہ کاری آئے گی ۔

پاکستان کو ٹورسٹ ہب بنائیں گے ۔ عمران خان نے بتایا کہ ہم زرعی ایمرجنسی نافذ کریں گے ‘ کسانوں کو ان کو حق دلوائیں گے ‘ شوگر مالکان سے ان کی جائز ادائیگیاں کروائیں گے ‘ سستے قرضے دیں گے ۔ماڈل فارمنگ کا نظام متعارف کروئیں گے ‘ بہتر بیج کی فراہمی ‘ ریسرچ سنٹر زاور زرعی یونیورسٹیاں قائم کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم فیڈریشن کو مضبوط کریں گے ۔ تمام صوبوں کو ان کے حقوق دلوائیں گے ‘ جنوبی پنجاب کو ایڈمنسٹریٹو صوبے کا اعلان کریں گے اور فاٹا کو صوبہ خیبر پختونخوا میں ضم کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات