پرائیوٹ ٹور آپریٹرز کی میرٹ لسٹ کو حتمی شکل دینے میں مزید ایک ہفتہ لگ سکتا ہے، وزارت مذہبی امور

پیر 30 اپریل 2018 12:05

پرائیوٹ ٹور آپریٹرز کی میرٹ لسٹ کو حتمی شکل دینے میں مزید ایک ہفتہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) وزارت مذہبی امور پرائیوٹ ٹور آپریٹرز کی میرٹ لسٹ کو تاحال حتمی شکل نہیں دے سکی۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کا کہنا ہے کہ میرٹ لسٹ کو حتمی شکل دینے میں مزید ایک ہفتہ لگ جائے گا۔ ذرائع نے پیر کو اے پی پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزارت مذہبی امور نے تمام پرانے اور نئے حج ٹور آپریٹرز کو اپنی اعتراضات جمع کرانے کے لئے 28 اپریل تک کا وقت دیا تھا ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں تمام ٹور آپریٹرز سے بذریعہ اشتہار کہا گیا تھا کہ وہ اپنی مصدقہ دستاویزات بمعہ آڈٹ رپورٹس وزارت مذہبی میں جمع کرا دیں تاہم متعدد کمپنیوں کو اس پر تحفظات تھے جس پر وزارت مذہبی امور نے تمام کمپنیوں کو 28 اپریل تک اعتراضات جمع کرانے کے لئے وقت دیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 12سے 13 سو کمپنیوں نے اعتراضات جمع کرائے ہیں جن کی روزانہ کی بنیاد پر ایڈیشنل سیکرٹری کیپٹن آفتاب احمد خان کی سربراہی میں قائم کمیٹی سماعت کررہی ہے۔ ذرائع نے توقع ظاہر کی ہے کہ پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کی میرٹ لسٹ کو حتمی شکل دینے میں مزید ایک ہفتہ لگ جائے گا جس کے بعد فہرست وزارت کی ویب سائٹ پر آویزاں کردی جائے گی۔