Live Updates

مسلم لیگ (ن) نے اقتدار میں آ کر ہمیشہ ترقی کے ایجنڈے کو مدنظر رکھا، سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو

’’جلسہ لاہور دا، مجمع پشور دا اور ایجنڈا کسے ہور دا‘‘ مسلم لیگ (ن) کے قائد کا پی ٹی آئی کے جلسے پر دلچسپ تبصرہ

پیر 30 اپریل 2018 12:26

مسلم لیگ (ن) نے اقتدار میں آ کر ہمیشہ ترقی کے ایجنڈے کو مدنظر رکھا، ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے پی ٹی آئی کے جلسے کے حوالے سے دلچسپ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’جلسہ لاہور دا، مجمع پشور دا اور ایجنڈا کسے ہور دا‘‘۔ پیر کو احستاب عدالت کے باہر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گزشتہ ساڑھے چار پانچ سال میں مرکز اور پنجاب میں جو کام کیا ہے اس کا مقابلہ کوئی نہیں کرسکتا۔

سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کا پنجاب کے ساتھ موازنہ کر لیں ۔ مسلم لیگ (ن) نے اقتدار میں آ کر ہمیشہ ترقی کے ایجنڈے کو مد نظر رکھا ہے۔ انہوں نے مثال دی کہ نئے اسلام آباد ایئرپورٹ کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جس کا افتتاح آئندہ چند دنوں میں ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت کو کام کرنے ہی کب دیاگیا ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے ایجنڈے کو 10 سے 20 سال مل جائیں تو پاکستان کی تقدیر بدل سکتی ہے۔

پی ٹی آئی کے جلسے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بڑے دلچسپ رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’جلسہ لاہور دا، مجمع پشور دا اور ایجنڈا کسے ہور دا‘‘۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے جو کچھ خیبر پختونخوا کے ساتھ کیا ہے اس کادنیا کو پتہ ہے اور یہ عمران خان کی اصولی سیاست کی منہ بولتی تصویر ہے جبکہ (ن) لیگ نے اقتدار میں آ کر ہمیشہ ترقی کے ایجنڈے کو مد نظر رکھا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات