مقبوضہ کشمیر فریڈم پارٹی کا شبیر شاہ کی بگڑتی ہوئی صحت کے پیش نظر ہر پندرہ دن بعد بلٹن جاری کرنے کا فیصلہ

پیر اپریل 12:34

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین شبیر احمد شاہ دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں شدید علیل ہیں اور پارٹی نے ہر ماہ میں دو بار ان کی صحت کے بارے میں بلٹن جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ شبیر احمد شاہ کی شدید علالت کا اندازہ اس حقیقت سے لگایا جاسکتا ہے کہ وہ پانچ منٹ سے زیادہ دیر تک کھڑے نہیں رہ سکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شبیر احمد شاہ کی بگڑتی ہوئی صحت اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی طرف اظہار تشویش کو مدنظر رکھتے ہوئے پارٹی نے ہرماہ دو بار ان کی صحت کے بارے میں بلٹن جاری کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ ترجمان نے کہاکہ ہم نے بھارتی حکام اور ان کے کٹھ پتلیوں کو بار بار ہمارے رہنما کو جن کی زندگی علالت کی وجہ سے خطرے میں ہے، طبی سہولیات فراہم کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ جیل حکام انہیں ضروری طبی سہولت فراہم نہیں کر رہے جن کی شبیر احمد شاہ کو اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیل حکام کے رویے سے شبیر احمد شاہ کے بارے میں بھارتی حکام اور اس کے کٹھ پتلیوںکے مذموم عزائم کا اظہار ہوتا ہے۔