جموں کے سول سوسائٹی گروپوں کا کٹھوعہ کی آصفہ کو جلد انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ

پیر 30 اپریل 2018 12:34

جموں ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میں سول سوسائٹی کے مختلف گروپوں، صحافیوں اور سماجی کارکنوں نے کٹھوعہ میں کم سن آصفہ کی آبروریزی اور قتل کیس کی فوری اور شفاف سماعت پر زور دیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں میں مختلف گروپوں، معروف شخصیات اور سماجی کارکنوں نے ایک سیمینار میں ہر ضلع میں فاسٹ ٹریک عدالتوں کے قیام اور آبروریزی اور آبروریزی و قتل کے تمام مقدمات کی تحقیقات کے لیے عدالت عظمیٰ اور عدالت عالیہ کی نگرانی میں ایک اعلیٰ سطح کا کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ معصوم آصفہ کی آبروریزی اور قتل کیس میں انصاف کی فراہمی کے لیے مہم چلائیں اوراس قسم کے دیگر متاثرین کے لیے جدوجہد کریں۔

(جاری ہے)

ٹی آر سی کانفرنس ہال جموں میں منعقدہ سیمینار کا عنوان ’’رسانہ کی آٹھ سالہ معصوم بچی کے لیے انصاف اورخواتین کے خلاف جرائم‘‘ تھا۔ زندگی کے مختلف شعبوں اور فرقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے واقعے کی شدید مذمت، غم وغصے اورمتاثرین سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔

انہوںنے رسانہ واقعے اور خواتین کے خلاف گھنائونے جرائم کے خلاف اپنی آواز بلند کی۔ تمام مقررین اس بات پر یکسو تھے کہ کشمیر ایک بہت ہی حساس، سیاسی طور پر منتشر اور قدرتی طورپرکثیر النسلی علاقہ ہے لیکن رسانہ میں معصوم بچی کی آبروریزی اور قتل کے المناک واقعے کے بعد فرقہ پرست قوتین اپنے مذموم عزائم کے ساتھ خطے میںفرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوشش کر رہی ہیں۔