مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں مظاہرین پر بھارتی فوجیوں کی اندھادھند فائرنگ سے 12 افراد زخمی، گھر گھر تلاشی کی کارروائی کے دوران جنگی ہیلی کاپٹر کا استعمال

پیر 30 اپریل 2018 12:34

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران پیر کو ضلع پلوامہ میں مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کر کے کم سے کم بارہ مظاہرین کو زخمی کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج کی55 راشٹریہ رائفلز اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں کی طرف سے ضلع کے علاقے دربگام میں ہائر سیکنڈری سکول کے قریب تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران سینکڑوں مظاہرین پر اندھادھند فائرنگ میں بارہ نوجوان زخمی ہو گئے۔

بھارتی فوجیوں نے کارروائی کے دوران جنگی ہیلی کاپٹر بھی استعمال کئے۔ اس سے قبل اسی علاقے میں ایک حملے میں ایک میجر سمیت بھارتی فوج کے دو اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زخمی میجر اور فوجی کو بادامی باغ سرینگر میں 92 بیس ملٹری ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دربگام ممتاز مجاہد کمانڈر سمیر ٹائیگر کا آبائی علاقہ ہے۔ ادھر پلوامہ کے قصبے میں ہڑتال جاری ہے۔