ٹورازم کوریڈور کے تحت پہلے مرحلے میں 195 کلومیٹر سڑک مظفرآباد ،نیلم راولاکوٹ بنارہے ہیں‘وزیراعظم آزاد کشمیر

دنیا بھرمیں اس وقت سب سے زیادہ آمدن ٹورازم سے حاصل کی جارہی ہے‘ آزادکشمیر میں ٹورازم کابہت بڑاپوٹینشل موجود ہے‘راجہ فاروق حیدر کا جشن بہاراں میلہ کی تقریب سے خطاب

پیر 30 اپریل 2018 12:52

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں کشمیرراجہ محمدفاروق حیدرخان نے کہاہے کہ کشمیردنیا کے خوبصورت ترین خطوں میں شمار ہوتاہے ، آزادکشمیرمیںسیاحوں کی رسائی اور ٹورازم کوحقیقی معنوں میں فروغ دینے کے لیے ٹورازم کوریڈور کے تحت پہلے مرحلے میں 195 کلومیٹر سڑک مظفرآباد ،نیلم راولاکوٹ بنارہے ہیں۔

دنیامیں اس وقت سب سے زیادہ آمدن ٹورازم سے حاصل کی جارہی ہے۔ آزادکشمیر میں ٹورازم کابہت بڑاپوٹینشل موجود ہے۔ منگلاجھیل میں ٹورازم سرگرمیوں کوفروغ دے کر اربوں روپے کی آمدن حاصل ہوسکتی ہے ۔ حکومت نے انٹرنیشنل ٹورازم کے فروغ کے لیے آزادکشمیرکی سڑکوں کوبین الاقوامی معیارکے مطابق بنارہی ہے تاکہ بین الاقوامی ٹوریسٹ کوٹورازم کے حوالے سے تمام سہولیات اور مراعات فراہم کی جاسکیں۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت دہشت گردی میں استعمال ہونے بارود کی بدبو کے اثرات ختم کرنے کے لیے لوگوں کوصحت مند انہ تفریحی سہولیات فراہم کرکے معاشرے کی تلخیوں سے بھی باہرنکالناچاہتی ہے ۔ کشمیرکی تہذیب وثقافت ،مقامی اور روایتی کھیلوںکوپروان چڑھانے کے لیے ٹورازم فیسٹیول کے لیے محکمہ سیاحت وآثارقدیمہ جواقدامات اٹھارہاہے وہ لائق تحسین ہے۔ میرپورکوسیاحت کامرکز بنائیں گے ،واٹرسپورٹس ،جیپ ریلی کاانعقاد کیاجائے گا۔

ان خیالات کااظہار انھوں نے جشن بہاراں میلہ کی تقریب تقسیم انعامات سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے وزیراطلاعات،سیاحت وآئی ٹی مشتاق احمدمنہاس، وزیرتعمیرات عامہ چوہدری محمدعزیز، وزیر سپورٹس یوتھ اینڈ کلچرچوہدری محمدسعیدنے بھی خطاب کیاجبکہ آزادکشمیرکی سیکرٹری اطلاعات،سیاحت وآئی ٹی محترمہ مدحت شہزادنے جشن بہاراں میلہ کے جملہ پروگرامز اور اغراض ومقاصد بیان کیے۔

ڈائریکٹرجنرل ٹورازم سردارجاوید ایوب نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیئے جبکہ اس موقع پروزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی،وزیراعظم کے صاحبزادے راجہ حیدرخان، وائس چانسلرمسٹ یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹرراجہ حبیب الرحمن، ڈائریکٹرجنرل اطلاعات راجہ اظہراقبال خان، ایس سی او کے لیفٹیننٹ کرنل سید عیاد حسن، کمشنرمیرپورڈویژن چوہدر محمدطیب، ڈی آئی جی راشدنعیم، ڈپٹی کمشنرسردارعدنان خورشید، ایس ایس پی سید ریاض حیدر بخاری، سابق امیدوار اسمبلی ڈاکٹرامین چوہدری، ایڈمنسٹریٹرضلع کونسل چوہدری عبدالمالک، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن طاہرمحمودمرزا کے علاوہ ڈویژنل وضلعی انتظامی افسران، سول سوسائٹی، خواتین وحضرات، بچوں ، طلباء سمیت دیگرافراد نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔

وزیراعظم راجہ محمدفاروق حیدرخان نے کہاکہ دنیاکاسب سے بڑآمدن کاذریعہ ٹورازم ہے۔ منگلاجھیل خوبصورت اور صاف پانی کابڑاذخیرہ ہے جس کوڈویلپ کرکے انٹرنیشنل ٹورازم سرگرمیوں کوفروغ دینے کاپلان بنارہے ہیں۔ میرپورمیں فائیوسٹارہوٹل کی تکمیل سے انٹرنیشنل ٹوریسٹ کوقیام کی سہولیات میسر ہونگی۔انھوں نے کہاکہ ٹورازم کے فروغ میں حائل رکاوٹوں کودورکرنے کے لیے ٹورازم پالیسی بنارہے ہیں جس میں اراضی کے حصول سے لیکر تمام معاملات حل کیے جائیں گے۔

انھوں نے کہاکہ معاشرے کوترقی دینے اور لوگوں کوالجھنوں اورپریشانیوں سے چھٹکارادلانے کے لیے ٹورازم کابڑا اہم رول ہے۔ دنیا اس شعبہ میں ترقی کی منازل طے کررہی ہے لیکن ہماری محدود سوچ کی وجہ سے اس شعبہ میں ترقی نہیں ہوسکی۔ انھوں نے کہاکہ کشمیراولیاء کی سرزمین ہے جہاں لاکھوں کے حساب سے لوگ مزارات پرحاضری دیتے ہیں۔ اس حوالے سے بھی روڈ انفراسٹرکچر کومزید بہتربناناہوگا اور تمام سیاحتی اورتاریخی مقامات تک سڑکوں کوبین الاقوامی نوعیت کے معیار کے مطابق بنائی جارہی ہیں۔

انھوں نے کہاکہ منگلاجھیل کے اردگرد پارک بنائے جائیں اور جھیل میں واٹرسپورٹ سمیت دیگربین الاقوامی نوعیت کے کھیلوں کاانعقاد کیاجائے جس سے سیاحت کوفروغ ملے اور میرپورکی معیشت بھی ترقی کرے۔ انھوں نے کہاکہ منگلاجھیل آمدن کابہت بڑاذریعہ ہے جس سے معاشی واقتصادی ترقی کے اثرات پورے آزادکشمیرپرمرتب ہوسکتے ہیں۔