ٹورازم کے فروغ سے آزادکشمیر کی آمدن میں خاطرخواہ اضافہ ہوگا‘وزراء حکومت

ٹرپل ایم ایکسپریس وے اور میرپورمیں قائم ہونے والا پاکستان کاآٹھواں صنعتی زون کے قیام سے بین الاقوامی سرمایہ کارآزادکشمیرآئیں گے

پیر 30 اپریل 2018 12:52

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) آزادکشمیر کے وزراء راجہ مشتاق احمدمنہاس، چوہدری محمدعزیز اور چوہدری محمدسعید نے کہاہے کہ حکومت آزادکشمیرمیں گڈگورننس کے قیام، میرٹ کی بحالی اورخطہ کی مثالی تعمیروترقی کے ساتھ ساتھ ٹورازم کے فروغ کے لیے جواقدامات اٹھارہی ہے اس سے آزادکشمیر کی آمدن میں خاطرخواہ اضافہ ہوگا، پاک چائینہ اقتصادی راہداری کے تحت ٹرپل ایم ایکسپریس وے اور میرپورمیں قائم ہونے والا پاکستان کاآٹھواں صنعتی زون کے قیام سے بین الاقوامی سرمایہ کارآزادکشمیرآئیں گے جو ہیوی انڈسٹری لگانے کے لیے سرمایہ کاری کریں گے وہاں سیاحت میں بھی بڑی بین الاقوامی سرمایہ کاری کی توقع ہے ۔

میرپور کاشمار پاکستان کے بڑے صنعتی شہروں میں ہوگا اور اس سے میرپور کی پہچان میں مزید اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم راجہ محمدفاروق حیدرخان کے ٹورازم کوریڈور کے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے ہرممکن اقدامات ہورہے ہیں جس سے آزادکشمیر فلاحی خطہ میں تبدیل ہوجائے گا۔میرپورٹورازم فیسٹیول سے خطہ کی تہذیب وثقافت کے ساتھ ساتھ لوگوں کو صحت مندانہ تفریح سہولیات میسر آئی ہیں۔

آئندہ کے لیے اس طرح کے پروگرام موسم بہار کے آغاز میں شروع کیے جائیں گے۔ میرپورمیں کامیاب ٹورازم فیسٹیول کے انعقاد اور عوام کے بھرپورجوش وخروش نے ثابت کیا ہے کہ لوگوں کوتفریحی کے مواقعوں کی اشد ضرورت ہے جس کے لیے محکمہ سیاحت وآثار قدیمہ اور فیسٹیول کی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے ۔اس طرح کی صحت مند تفریح سہولیات ہمیں معاشرتی الجھنوں سے باہرنکالنے اور اپنی روایات سے بھی آگاہی میں مدد کرتی ہیں۔

ان خیالات کااظہار انھوں نے ٹورازم فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آزادکشمیر کے وزیراطلاعات،سیاحت وآئی ٹی مشتاق احمدمنہاس نے کہاکہ آزادکشمیرکے خوبصورت اور تاریخی مقامات تک سیاخوں کی رسائی کے لیے سڑکوں کومعیاری اور کشادہ کیاجارہاہے۔ سائوتھ میں ٹورازم کے حوالے سے مختلف سرگرمیاں تھیں لیکن جنوب میںمنگلاجھیل جوصاف وشفاف اور پانی کابڑاذخیرہ ہے کوانٹرنیشنل ٹورازم کے حوالے سے ترقی دینے کے لیے محکمہ سیاحت مختلف پراجیکٹس لانچ کررہاہے ،پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مختلف سیاحتی اور تاریخی مقامات کوڈویلپ کررہے ہیں اور وہاں تفریح کے لیے سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

وزیرسپورٹس یوتھ اینڈ کلچرچوہدری محمدسعید نے کہاکہ میرپورمیں منگلاجھیل اور نہراپرجہلم پرانٹرنیشنل سپورٹس ٹورازم کے وسیع مواقع ہیں جن کواستعمال کرکے نہ صرف ٹورازم کوفروغ دیاجاسکتاہے بلکہ ذرائع آمدن میں خاطرخواہ آضافہ بھی ہوسکتاہے جس سے آزاد کشمیر کے دیگر اضلاع کی ترقی ہوسکتی ہے۔ وزیرتعمیرات عامہ چوہدری محمدعزیز نے خطاب کرتے ہوئے کامیاب فیسٹیول کے انعقاد اور لوگوں کوصحت مند سرگرمیوں کی سہولیات فراہم کرنے پرمحکمہ سیاحت اور آثارقدیمہ کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت ہرشعبہ ہائے زندگی میں ترقی لانے کے خواب کویقینی بنارہی ہے ، اس حوالے سے شعبہ ٹورازم جلد ترقی کرے گا اور اس کے اثرات عوام تک پہنچیں گے۔