افغانستان:کابل میں دو بم دھماکے‘ 4 صحافیوں سمیت 29 افراد کے ہلاک 45 زخمی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر اپریل 12:49

افغانستان:کابل میں دو بم دھماکے‘ 4 صحافیوں سمیت 29 افراد کے ہلاک 45 زخمی
کابل (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30 اپریل۔2018ء) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہونے والے دو دھماکوں کے نتیجے میں 29 افراد ہلاک جبکہ 45 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق افغان دارالحکومت کابل کے علاقے ششدرک میں افغان انٹیلیجنس ایجنسی این ڈی ایس کے دفتر کے قریب پہلا جبکہ دوسرا دھماکہ وزارت شہری ترقی اور ہاﺅسنگ کے دفتر کے باہر ہوا۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے پہلے دھماکے میں 4 افراد کے ہلاک اور 5 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔۔کابل پولیس کے ترجمان نے ششدرک میں ہونے والے دھماکے کے خودکش ہونے کا شبہ ظاہر کیا ہے۔دوسری جانب افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق کابل میں ہونے والے دو دھماکوں کے نتیجے میں 29 افراد ہلاک جبکہ 45 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع ابلاغ کے مطابق صحافی دھماکے کی کوریج کے لیے پہنچے تو دوسرا دھماکہ ہوگیا جس کے نتیجے میں غیرملکی خبرایجنسی کا فوٹوگرافرارہلاک جبکہ متعدد صحافی زخمی ہوگئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ووٹررجسٹریشن سینٹر پرہونے والے دھماکے میں 60 افراد ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔یاد رہے کہ رواں برس 28 فروری کو افغان انٹیلیجنس ایجنسی این ڈی ایس کے ایک کمپاﺅنڈ میں دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق پیر کی صبح افغان دارالحکومت کے علاقے ششدرک میں دھماکوں کی آواز سنی گئی۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق پہلے دھماکے میں خودکش حملہ آور نے افغانستان کی خفیہ ایجنسی نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکورٹی ( این ڈی ایس) کے دفتر کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی اور ہلاک ہوئے۔رپورٹ کے مطابق اس دھماکے کے 20 منٹ بعد دوسرا دھماکا ہوا، جس میں موقع پر موجود ریسکیو اہلکاروں اور صحافیوں کو نشانہ بنایا گیا۔

اس حوالے سے افغان وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ ان دونوں حملوں میں کم از کم 29 افراد کے ہلاک اور 45 کے زخمی ہونی کی اطلاعات ہیں جبکہ ان اموات میں اضافے کا امکان ہے۔ افغان نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں دیگر دو صحافی بھی زخمی ہوئے ہیں۔تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ دوسرا دھماکا بھی خودکش تھا یا نہیں جبکہ ابھی تک کسی تنظیم نے دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

دریں اثناءافغان صوبے ننگرہار میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے بحسود ضلع کے کرائم انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ ہلاک جبکہ ضلع کے ڈپٹی گورنر اور دیگر 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق حادثہ صبح 7.45 پر اس وقت پیش آیا جب ضلع گورنر کے کپماﺅنڈ کے قریب گاڑی دھماکا خیز مواد سے ٹکرا گئی۔اس حوالے سے صوبائی گورنر آیت اللہ کھوگیانی کے ترجمان نے دھماکے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس واقعے میں ’ تین پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی ہوئے‘ تاہم انہوں نے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ حکام نے کہا کہ پولیس کی جانب سے تحقیقات شروع کردی گئی ہے، تاہم ابھی تک طالبان سمیت کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔