تحریک انصاف کے جلسے کا مجمع پشاور کا اور ایجنڈا کسی اور کا تھا‘چیف جسٹس ثاقب نثار ٹانگیں کھینچ رہے ہیں۔نوازشریف

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر اپریل 12:49

تحریک انصاف کے جلسے کا مجمع پشاور کا اور ایجنڈا کسی اور کا تھا‘چیف ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30 اپریل۔2018ء) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہاہے کہ تحریک انصاف کے جلسے کا مجمع پشاور کا اور ایجنڈا کسی اور کا تھا‘ہمارے ایجنڈے کو دس بیس سال مل جائیں تو ملک کی تصویر بدل سکتی ہے، ایک نیا پاکستان بن جاتا لیکن یہاں کام کرنے کون دیتا ہے، ٹانگیں کھینچنے والے کھینچتے رہے، کبھی کوئی صدر، کبھی فوجی ڈکٹیٹر، کبھی ثاقب نثار ٹانگیں کھینچ رہے ہیں۔

احتساب عدالت کے باہرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ہے عمران خان کی اصولی سیاست اور اس کی منہ بولتی تصویر، ہم ہولوگ نعرے پچھلے کئی سالوں سے سن رہے ہیں لیکن جب واسطہ پڑا تو پتا چلا، جو کچھ خیبرپختونخوا میں کیا دنیا کو پتا لگ گیا، اس کے مقابلے میں جو مرکز اور پنجاب میں ہوا کوئی مقابلہ نہیں۔

(جاری ہے)

نوازشریف نے کہا کہ مصنوعی فیصلہ ہورہا ہے اس پر عملدرآمد ممکن ہی نہیں ، جو اس طرح کے فیصلے دے رہے ہیں وہ پچھتائیں گے کیونکہ یہ پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ 70 سالوں میں یہی کچھ ملک میں دیکھا، کسی ہمسایہ ملک میں اس طرح کے مناظر نہیں دیکھے، بنگلا دیش میں بھی یہ مناظر نظر نہیں آتے، ہماری کہانی بہت دکھی افسوسناک ہے، دعا ہے اللہ ہمارا مستقبل اچھا کرے۔انہوں نے کہا کہ نون لیگ جب بھی آئی ہمیشہ ترقی کے ایجنڈے پر عمل کیا۔ آج پنجاب دیکھیں، پھر سندھ،، کے پی کے اور بلوچستان دیکھیں، لاہور دیکھیں اور دیگر شہر دیکھیں، دور دور تک کوئی مقابلہ اور موازانہ نظر نہیں آتا، فرق صاف ظاہر ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ آج ملک میں انفرا اسٹرکچر بن رہا ہے، اسلام آباد کا نیا ائیرپورٹ دیکھ کر دل خوش ہوتا ہے، میں اس کا افتتاح نہیں کرسکا، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن اس میں ہماری خدمات ہیں، ملک کی ترقی اور خوشحالی ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے اقامے پر ناہل کیا گیا اور ججوں نے خواجہ آصف کو بھاری دل سے نااہل کیا، مجھے خوشی ہے میرے دل پر کوئی بوجھ نہیں۔

نوازشریف نے کہاکہ بھارت اور چین آپس میں دوستی کررہے ہیں لیکن افسوس کہ ہم نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا--نواز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے خیبر پختونخوا میں جو کیا وہ دنیا کو پتہ چل گیا، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ترقی کے ایجنڈے پر کام کیا، ہمیں کام کرنے دیا جاتا تو نیا پاکستان بن جاتا، پنجاب کے مقابلے میں سندھ ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان دیکھیں تو دور تک کوئی موازنہ نظر نہیں آتا۔