یونیورسٹی آف ہری پور کی سپیکم سوسائٹی کے زیراہتمام پاک افغان تعلقات کے متعلق آگاہی سیمینار کا اہتمام

پیر 30 اپریل 2018 13:07

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) یونیورسٹی آف ہری پور کی سپیکم سوسائٹی کے زیراہتمام پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کے بارے میں آگاہی سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔ سیمینار میں یونیورسٹی میں پڑھنے والے 100 سے زیادہ افغان طلبہ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ سپیکم سوسائٹی کے چیئرمین اور شعبہ علوم اسلامیہ و دینیہ کے صدر ڈاکٹر مھیمن نے پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کے بارے میں طلبہ سے خطاب کیا۔

ڈاکٹر مھیمن کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کی ثقافت، مذہب اور دیگر اقدار مشترک ہیں اور ایسا معاملہ خطہ کے دیگر ممالک کے ساتھ نہیں ہے، پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے، افغان بھائیوں کیلئے ہماری مہمان نوازی کسی سے پوشیدہ نہیں ہے، پاکستان نے نہ کبھی افغانستان کو کمزور کرنے کی کوشش کی ہے اور نہ ہی اس کے داخلی معاملات میں خود سے مداخلت کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خطہ کا امن دونوں ممالک کے اچھے تعلقات پر مبنی ہے اور پاکستان کا شمار خطہ کے اہم ترین ممالک میں ہوتا ہے اور پاکستان ایک پر امن اور مستحکم افغانستان کا حامی ہے، افغان طلبہ افغانستان کا مستقبل ہیں اور انہیں ان تمام امور کو سمجھنا ضروری ہے، پاکستان نے اپنی سرزمین کبھی کسی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی اور پاکستان ایسی ہی امید دیگر ممالک سے بھی رکھتا ہے۔ اس موقع پر افغان طلبہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس کوشش کو بہت سراہا اور قیام امن اور پاکستان افغانستان کے بہتر تعلقات کی خاطر اپنے حصہ کا کام کرنے کا ارداہ ظاہر کیا۔ ڈاکٹر مہیمن نے طلبہ میں اسناد تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :