پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 سے 6 روپے تک اضافے کا امکان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 30 اپریل 2018 13:13

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 سے 6 روپے تک اضافے کا امکان
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30 اپریل۔2018ء) وفاقی حکومت کل سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 سے 6 روپے تک اضافے کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔حکمراں جماعت نے اپنا ریونیو بچانے اور عالمی مارکیٹ کے دباﺅ کو صارفین پر منتقل کرنے کے لیے ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 5روپے اور پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے تک کا اضافے کے فیصلے کو حتمی شکل دینے کی تیاری کرلی۔

وزارت خزانہ نے ایچ ایس ڈی پر 31 فیصد اور دیگر مصنوعات پر 17 فیصد جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کی بنیاد پر قیمتوں کے تعین کرنے کی ہدایت کی تھی، اس حقیقت کے برعکس کے ایچ ایس ڈی پر جی ایس ٹی ریٹ کا موجودہ تناسب 27.5 فیصد، مٹی کے تیل پر 16.5 فیصد، لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) اور پیٹرول پر 21.5 فیصد ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ حکومت ایچ ایس ڈی پر فی لیٹر 8 روپے، پیٹرول پر 10 روپے، مٹی کے تیل پر 6 روپے اور ایل ڈی او پر 3 روپے لیویز ٹیکس وصول کررہی ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے تمام پیڑولیم مصنوعات پر مجموعی طور پر فی لیٹر 30 روپے اضافے کے لیے پارلیمنٹ سے منظوری لینا ہو گی جس کے بعد ہی حکمراں جماعت 130 ارب روپے کا اضافی ریونیو پیدا کرسکے گی۔آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کی فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق موجودہ ٹیکس ریٹ اور درآمدی قیمتوں کے تناظر میں ایچ ایس ڈی کی فی لیٹر قیمت میں اوسطاً 5.02 روپے اور پیٹرول پر 3.22 روپے اضافے کا امکان ہے۔

متعلقہ اداروں نے مٹی کے تیل پر 6 روپے 97 پیسے جبکہ ایل ڈی او پر 6 روپے 95 پیسے اضافے کی سمری ارسال کی، اگر وزیرعظم نے مذکورہ اضافی قیمتوں کی منظوری دے دی تو ایچ ایس ڈی کی قیمت میں 5.2 فیصد، پیٹرول کی قیمت میں 3.7 فیصد، مٹی کے تیل اور ایل ڈی او کی قیمت میں بلترتیب 9.91 فیصد اور 10.6 فیصد اضافہ ہو جائے گا۔