جنوبی کوریا کی اقتصادی شرح نموسال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 1.1 فیصدرہی

پیر 30 اپریل 2018 13:59

جنوبی کوریا کی اقتصادی شرح نموسال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 1.1 فیصدرہی
سیئول ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) کوریا نے کہا ہے کہ رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران اس کی اقتصادی شرح نمو 1.1 فیصد رہی جس کی وجہ ڈیٹا میموری چپس کی برآمد اور حکومتی اخراجات میں اضافہ ہے تاہم لوگوں کی جانب سے اخراجات کی شرح کم رہی۔بینک آف کوریا کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق جنوری سے مارچ کے دوران ملک میں اقتصادی شرح نمو 1.1 فیصد رہی جبکہ ماہرین نے اس کی شرح 1 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی تھی۔

سہ ماہی کے دوران میموری چپس اور دیگر آئی ٹی مصنوعات کی برآمد میں 4.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

عالمی سطح پر معروف جاپانی ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ کا سہ ماہی خالص منافع 11.6 ٹریلین جنوبی کورین وان (10.75 ارب ڈالر) رہا جس کی وجہ سرور میں استعمال ہونے والے سیمی کنڈیکٹر کی برآمد میں اضافہ ہے۔ لوگوں کی جانب سے اخراجات میں انتہائی کم شرح 0.6 فیصد کے حساب سے اضافہ ہوا، خدمات کے شعبے کی شرح نمو 0.9 فیصد اضافہ جبکہ فوڈ اینڈ لاجنگ سیکٹر کی شرح نمو میں 0.9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔مجموعی قومی پیداوار کی شرح میں سالانہ بنیاد پر 2.8 فیصد کے حساب سے اضافہ ہوا۔سہ ماہی کے دوران حکومت کی جانب سے مختلف شعبوں کے لیے اخراجات میں 2.5 فیصد اضافہ ہوا جو چھ سال کی بلند ترین شرح ہے۔