شام میں تازہ میزائل حملے، 26 سکیورٹی اہلکار ہلاک

پیر اپریل 14:33

دمشق ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اپریل2018ء) شام کے علاقوں حمص اور ادلب میں فوجی بیس پر مبینہ طور پر اسرائیلی میزائل حملے میں کم از کم 26 سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں جن میں اکثریت ایرانی سکیورٹی اہلکاروں کی ہے۔ شامی حکومت نے کہا ہے کہ میزائل حملے کا ہدف شامی فوج کا 47 بریگیڈ تھا۔

(جاری ہے)

جرمن خبررساں ادارے کے مطابق یہ حملے اتوار کو رات گئے شمالی شامی علاقوں حمص اور ادلب میں کیے گئے تاہم یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ یہ کارروائی کس نے کی ہے۔

سیریئن آبزوریٹری فار ہیومن رائٹس نے بھی ان حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کارروائی میں کم از کم 26 سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔ ادھر اپوزیشن ذرائع نے بتایا ہے کہ ان میزائل حملوں کے نتیجے میں شامی اور ایرانی فورسز کی ایک بڑی تعداد ہلاک یا زخمی ہوئی۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے اتوار کے دن ہی کہا تھا کہ شام میں حملے کیے جا سکتے ہیں۔