پنجاب میں محکمہ صحت اور میڈیکل اسٹور مالکان میں ڈیڈ لاک برقرار

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 30 اپریل 2018 14:15

پنجاب میں محکمہ صحت اور میڈیکل اسٹور مالکان میں ڈیڈ لاک برقرار
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30 اپریل۔2018ء) پنجاب میں محکمہ صحت اور میڈیکل اسٹور مالکان میں ڈیڈ لاک برقرار ہے،لاہور سمیت صوبے بھر میں کیمسٹ اینڈڈرگ ایسوسی ایشن کی ہڑتال پانچویں روز بھی جاری ہے۔میڈیکل اسٹور مالکان مطالبات پورے کروانے پر بضد ہیں ، مریض خوار ہو رہے ہیں اور حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ، آج 5ویں روز بھی کیمسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال جاری ہے۔

(جاری ہے)

کیمسٹ اینڈ ڈرگ ایسوسی ایشن آج لاہور کے ناصر باغ میں منعقدہ کنونشن میں آئندہ کے لائحہ عمل کیلئے سر جوڑ کر بیٹھے گی۔گوجرانوالہ، فیصل آباد، وہاڑی،ننکانہ صاحب، رحیم یار خان سمیت پنجاب بھر کے مختلف اضلاع میں بھی میڈیکل اسٹور کی بندش نے شہریوں کو عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے۔حکومت اور اسٹور مالکان کی ڈھٹائی کیخلاف شہری بھی سڑکوں پر نکل آئے، صادق آباد میں ہڑتال کیخلاف احتجاج کیا گیا۔مظاہرین کا کہنا تھا حکومت اور سٹور مالکان کی لڑائی میں نقصان غریب اور بے بس عوام کا ہی ہورہا ہے۔انہوں نے چیف جسٹس پاکستان سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے ہڑتال ختم کروائی جائے۔