باغبانپورہ ایگلٹس اور ینگ مغلپورہ جم خانہ کی ٹیمیں کینن چیلنج کرکٹ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں

پیر 30 اپریل 2018 15:12

لاہور۔30 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) گولڈن سٹار کرکٹ کلب کے زیر اہتمام جاری پہلے کینن فوم چیلنج کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں باغبانپورہ ایگلٹس کرکٹ کلب اور ینگ مغلپورہ جم خانہ کلب نے پری کوارٹر فائنل مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا جبکہ شمشیر کلب اور کینن کلب کی ٹیمیں ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق جلو سٹیڈیم میں ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے باغبانپورہ ایگلٹس نے 40اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 238رنز بنائے۔

احسن علی 91، اشفاق اسلم 48 اور محمد عمران 19رنز بناکر نمایاں رہے، شمشیر کلب کی طرف سے محمد شبیر اور محمد اصغر نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں شمشیر کلب کی ٹیم 31ویں اوور میں 192رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔ آفتاب 41 اور نفیس 33رنز بناکر نمایاں رہے،باغبانپورہ ایگلٹس کی طرف سے مطیع اللہ نے چار، اشفاق اسلم اور احسن علی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

(جاری ہے)

میچ میں عمدہ بلے بازی پر احسن علی کو مین آف دی میچ قراردیا گیا۔ ایل سی سی اے گراؤنڈ پر ینگ مغلپورہ جم خانہ نے کینن کلب کو 74رنز سے شکست دے دی، ینگ مغلپورہ جم خانہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 30 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنائے، قاضی محسن نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے ایک چھکے اور 14چوکوں کی مدد سے 112رنز بنائے ، مدثر علی 43 اور محمد ارسلان 35رنز بناکر نمایاں رہے، کینن کلب کی طرف سے محمد فیصل اور عرفان علی نے دو دو جبکہ علی اصغر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، جواب میں کینن کلب کی ٹیم30 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 170رنز بناسکی، عرفان علی 48 محمد وقاص 30 رنز بناکر نمایاں رہے، ینگ مغلپورہ جم خانہ کی طرف سے عثمان ظفر، محمد ارسلان اور محمد عثمان نے دو دو جبکہ بلال ملک، حمزہ انور اور مدثر علی نے ایک ایک کھلاڑی کوآؤٹ کیا‘میچ میں عمدہ بلے بازی پر قاضی محسن کو مین آف دی میچ قراردیاگیا۔

متعلقہ عنوان :