لائیوسٹاک کے فروغ کیلئے ماڈل کیٹل مارکیٹس کا قیام انقلابی قدم ہے، مومن ۱ٓغا

پیر 30 اپریل 2018 15:10

فیصل آباد۔30 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے ماڈل مویشی منڈیوں کے قیام کا مقصد مویشی پال حضرات کو جدید سہولیات فراہم کرنا ہے لہٰذا کمپنی کے افسران وسٹاف اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے مویشی منڈیوں کی منظم ترقی کے لئے مربوط انداز میں محنت سے خدمات انجام دیں تاکہ ماڈل کیٹل مارکیٹس کے قیام کے مقاصد کما حقہ پورے ہوسکیں۔

فیصل آباد کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر فیصل ۱ٓباد مومن ۱ٓغا نے کہا کہ لائیوسٹاک کے فروغ اورمویشوں کی خریدوفروخت کے نظام کو جدت سے ہمکنار کرنے کیلئے ماڈل کیٹل مارکیٹس کا قیام انقلابی قدم ہے لہٰذامنڈیوں میں بیوپاریوں کے لئے تمام ضروری سہولیات ہر وقت موجود رہنی چاہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مویشی منڈیوں کے انتظامی وحفاظتی اورمالیاتی امورمزید بہتر بنانے کے لئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پربل اتاخیر عملدرآمد کویقینی بنایا جائے۔

اجلاس کے دوران مویشی منڈیوں میں کمپنی کی طرف سے فراہم کردہ سہولیات اور ترقی کے اقدامات سمیت دیگر اموربھی زیر بحث آئے۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر سلمان غنی،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن مہر شفقت اللہ مشتاق،ایم ڈی کرنل بابر فیروز،جنرل منیجر ایڈمن میجر وجاہت،چیف فنانس آفیسر عمران علی صفدر،ڈاکٹر جلال عارف،رائو سکندر اعظم کے علاوہ جھنگ،چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران بھی موجود تھے۔