غذائی قلت کا شکار بچوں کو غذائی مشورے اورعلاج معالجہ ویک کا ۱ٓغاز کردیا گیا

پیر 30 اپریل 2018 15:10

فیصل آباد۔30 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیراہتمام غذائی قلت کا شکار بچوں کو غذائی مشورے اورعلاج معالجہ کیلئے گزشتہ روز پیر سے غذائیت ویک کا ۱ٓغاز کردیا گیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں والدین کی آگاہی کے لئے واک بھی منعقد کی گئی جو ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس سے شروع ہو کر مختلف راستوںسے گزرتی ہوئی واپس اسی مقام پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر ظفر عباس خان بلوچ نے واک کی قیادت کی جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد آصف شہزاد،ڈاکٹر بلال احمد اور دیگر ڈاکٹرز کے علاوہ پیرا میڈیکل سٹاف اور سول سوسائٹی کے افرادبھی انکے ہمراہ موجود تھے۔سی ای او ہیلتھ نے کہا کہ بچوں میں غذائی کمی کو دور کرنے کے لئے انہیں بالخصوص وٹامن اے اور ڈی کی حامل غذائی اشیاء فراہم کرکے ان کی نشوونما اور صحت برقرار رکھی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غذائی کمی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے لہٰذا ماں اور بچوں کی صحت برقرار رکھنے کے لئے اقدامات میں کمی نہیں آنی چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ 5مئی تک جاری رہنے والے غذائیت ویک کے سلسلے میں محکمہ کے ڈاکٹرز وسٹاف کی ڈیوٹیاں لگادی گئی ہیں اور بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کے ساتھ ساتھ ان کو غذائی مشورے اور پیٹ کے کیڑوں سے بچائو کیلئے ویکسینیشن بھی کی جائے گی۔انہوں نے والدین سے کہا کہ وہ محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں اور ہفتہ غذائیت کے دوران بچوں کے چیک اپ اور علاج معالجہ کرائیں۔