ڈیپارٹمنٹ آف ایجوکیشن سرگودھا یونیورسٹی کے زیر اہتمام دو روزہ کانفرنس اختتام پذیر

پیر 30 اپریل 2018 15:10

سرگودھا۔30 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) ڈیپارٹمنٹ آف ایجوکیشن یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام ’’ تعلیم ِ امن‘‘ کے موضوع پر دو روزہ کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی۔ کانفرنس کے ذریعے قومی و بین الاقوامی محققین، سکالرز،ماہرین تعلیم اور قیام امن کے لیے کام کرنے والے سماجی کارکنان کو یہ موقع فراہم کیا گیا کہ وہ امن کو پھیلانے کے لیے کیے جانے والے تحقیقی کام، خیالات اور نظریات کا تبادلہ کر سکیں تاکہ اس علم کو بروئے کار لا کر عام آدمی کی زندگی میں امن و سلامتی اور سکون لوٹایا جا سکے‘ کانفرنس کے دوسرے روزامن کے علاوہ شخصی آزادی کے تحفظ ،سماجی انصاف، باہمی روابط ،برداشت ،بردباری،رواداری ،احترام،انسانی حقوق ، فلاح و بہبود،جمہوری اقدار کے فروغ جیسے تعمیری سوچ کے حامل موضوعات پر مفصل گفتگو کی گئی۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں نامور سکالرز نے اپنے مقالہ جات پیش کیے جن میں انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد سے پروفیسر ڈاکٹر نبی بخش،شاہ عبدالطیف بھٹائی یونیورسٹی خیر پور سے پروفیسر ڈاکٹر غلام علی سمیت دیگر قومی و بین الاقوامی سکالر شامل ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر نبی بخش نے اپنا مقالہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک استاد کی قائدانہ صلاحیتیں محفوظ ماحول بنانے کے لیے بہت اہمیت رکھتی ہیں۔

ہمیں معلمین کو بااختیار و خودمختیار بنانا ہوگا تاکہ وہ تعلیمی اداروں میں نوجوانوں کی تربیت کی ذمہ داری کو بخوبی نبھا سکیں۔پروفیسر ڈاکٹر غلام علی نے کہا کہ اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانا ہوگا نیز تعلیمی نظام اور نصاب کی بہتری کے لیے طویل مدتی منصوبہ بندی کرنی ہوگی اور ایسا کیے بغیر پر امن معاشرے کے قیام کا مقصد پورا نہیں ہو سکتا۔

ڈیپارٹمنٹ آف ایجوکیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور نے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمِ امن کے موضوع پر منعقدہ اس کانفرنس کے ذریعے دنیا بھر کے انسانوں کے درمیان باہمی افہام و تفہیم، رواداری اور برداشت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے کے خیالات و نظریات کو جانچنے اور اعتماد کی بحالی کے کلچر کو بہت تقویت ملی ہے۔