فیصل آباد میں ڈسٹرکٹ بار کے وکلاءکا دہشت گردی کا مقدمہ درج کرنے کے خلاف احتجاج

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 30 اپریل 2018 15:12

فیصل آباد میں ڈسٹرکٹ بار کے وکلاءکا دہشت گردی کا مقدمہ درج کرنے کے خلاف ..
فیصل آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30 اپریل۔2018ء) فیصل آباد میں ڈسٹرکٹ بار کے وکلاءنے دہشت گردی کا مقدمہ درج کرنے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سی پی او آفس کا گھیراﺅ کرلیا، گیٹ توڑنے کی کوشش ، ضلع کونسل چوک پر ٹریفک بلاک کردی۔ڈسٹرکٹ بار فیصل آباد کے وکلاءنے دہشت گردی کے مقدمہ کے اندراج اور گھروں پر چھاپے کے خلاف عدالتوں کا بائیکاٹ کیا اور پولیس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرمشتعل وکلاءنے سی پی او آفس کا گھیرا ﺅ کیا، گیٹ توڑنے کی کوشش کی اور دفتر پر پتھراﺅکیا، جس کے باعث عملہ دفتر میں محصور ہوگیا۔وکلا ءنے سیشن کورٹ میں داخل ہو کر سیکورٹی پر مامور اہل کاروں کو بھی بھگادیا۔ وکلا کا مطالبہ ہے کہ سی پی او، آر پی او کو تبدیل کیا جائے اور چیف جسٹس واقعہ کا نوٹس لیں۔تین دن قبل عدالت میں ملزم کی پیشی کے دوران ڈسٹرکٹ بار کے وکلاءاور ایس ایچ او ڈجکوٹ ملک وارث کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی، اور مبینہ طور پر وکلاءنے ایس ایچ او کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔واقعہ کے بعد پولیس نے 25 وکلاءکے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا تھا۔