قصور شہر میں عدلیہ مخالف نعرے بازی اور ریلی نکالنے والے افراد کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے سماعت کے لیے کیس فل بنچ کو بھجوا دیا

پیر 30 اپریل 2018 15:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2018ء) قصور شہر میں عدلیہ مخالف نعرے بازی اور ریلی نکالنے والے افراد کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر , چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے سماعت کے لیے کیس فل بنچ کو بھجوا دیا ۔

(جاری ہے)

درخواست ڈسٹرکٹ قصور بار کے صدر مرزا نسیم کی جانب سے دائر کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 13 اپریل کو قصور میں کشمیر چوک پر (ن) لیگ کی جانب سے ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ن ایم این اے وسیم سجاد اور ایم پی اے صفدر انصاری نے کی ریلی میں موجود قائدین اور کارکنان نے عدلیہ کے خلاف تضحیک آمیز تقاریر اور نعرے بازی کی۔

ریلی کے قائدین کی جانب سے عدالت عظمیٰ کے ججز کیخلاف انتہائی نازیبا الفاظ استعمال کیے گئے ۔ درخواست گزار کے مطابق عدلیہ کیخلاف احتجاج اور ریلی سوچی سمجھی سازش کے تحت کروائی گئی لہٰذا ایم این اے وسیم سجاد، ایم پی اے نعیم صفدر انصاری، چیئرمین اور وائس چیئرمین کو نااہل کیا جائے اور ملزمان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے درخواست سماعت کے لیے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں قائم فل بنچ کو بھجوا دی جو دو مئی کو کیس کی سماعت کرے گا۔