آئی ایم ایف نے جی ڈی پی کے اعتبار سے دنیا کے امیر ترین ممالک کی فہرست جاری کردی

قوت خرید میں مساوات کے اعتبار سے جی ڈی پی کو پیش نظر رکھتے ہوئے 25.24 ٹریلین امریکی ڈالر کے ساتھ پہلے نمبر پر چین ہے،بھارت اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ،پاکستان عالمی درجہ بندی میں پچیسویں نمبر پر ہے

پیر 30 اپریل 2018 15:40

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2018ء) قوت خرید میں مساوات (پی پی پی) کو پیش نظر رکھتے ہوئے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے 2018 میں جی ڈی پی کے اعتبار سے دنیا کے امیر ترین ممالک کی فہرست جاری کردی، رواں برس برس اپریل تک کے اعداد و شمار کے مطابق قوت خرید میں مساوات کے اعتبار سے جی ڈی پی کو پیش نظر رکھتے ہوئے 25.24 ٹریلین امریکی ڈالر کے ساتھ پہلے نمبر پر چین ہے۔

گزشتہ سال کے مقابلے میں چینی اقتصادی نمو 9 فیصد رہی۔ امریکا 20.4 ٹریلین ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ امریکا میں گزشتہ برس کے مقابلے میں اقتصادی ترقی کی شرح 5.3 فیصد رہی۔10.4 ٹریلین ڈالر کے ساتھ بھارت اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے۔ عالمی مالیاتی فنڈ کے مطابق بھارت کی اقتصادی ترقی کی شرح گزشتہ برس کے مقابلے میں 9.8 فیصد زائد رہی۔

(جاری ہے)

جاپان 5.6 ٹریلین ڈالر اور پچھلے سال کے مقابلے میں جی ڈی پی میں اضافے کی ساڑھے تین فیصد شرح کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا۔

عالمی مالیاتی ادارے کے مطابق 2018 اپریل تک جرمنی کا جی ڈی پی 4.37 ٹریلین ڈالر جب کہ اقتصادی ترقی کی سالانہ شرح 5 فیصد کے قریب رہی۔۔روس اس فہرست میں چھٹے نمبر ،انڈونیشیا ساتویں،برازیل آٹھویں، برطانیہ نویں اورفرانس دسویں نمبر پررہا۔آئی ایم ایف کی اس فہرست کے مطابق پاکستان عالمی درجہ بندی میں پچیسویں نمبر پر ہے۔ قوت خرید میں برابری کے اعتبار سے پاکستانی جی ڈی پی کا تخمینہ 1.14 ٹریلین ڈالر لگایا گیا ہے جس میں گزشتہ برس کے مقابلے میں آٹھ فیصد اضافہ ہوا۔ آئی ایم ایف کی اس اعتبار سے کی گئی درجہ بندی میں پاکستان ہالینڈ اور متحدہ عرب امارات سے آگے ہے۔۔